نئی دہلیراجستھان کے وزیرِ اعلیٰ بھجن لال شرما نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی ایندھن بچانے کی اپیل کے مطابق جمعہ کے روز اپنے معمول کے قافلے کی گاڑی کے بجائے الیکٹرک گاڑی (ای وی) سے سفر کیا۔شرما پہلے ہی اپنے قافلے میں گاڑیوں کی تعداد کم کر چکے ہیں اور انہوں نے افسران و عوامی نمائندوں سے بھی قافلوں میں گاڑیوں کی تعداد گھٹانے، گاڑیوں کا محتاط استعمال کرنے اور پٹرول و ڈیزل کی کھپت کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری پروگراموں کی تعداد محدود کرنے کی اپیل کی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ جمعہ کو وزیرِ اعلیٰ دفتر سے ایک ہوٹل میں منعقد پروگرام میں شرکت کے لیے پہنچے۔ اس دوران انہوں نے اپنے معمول کے قافلے کی گاڑی کے بجائے الیکٹرک گاڑی میں سفر کیا۔ ادھر نائب وزیرِ اعلیٰ اور ٹرانسپورٹ وزیر پریم چند بیروہ نے جمعرات کو سرکاری گاڑی استعمال نہ کرتے ہوئے راجستھان روڈویز کی بس سے سفر کیا۔ بیروہ جے پور کے 'بائس گودام' سے روڈویز بس میں سوار ہو کر دودو اسمبلی حلقے کے پھاگی پہنچے، جہاں انہیں 'گرام وکاس چوپال' پروگرام میں شرکت کرنی تھی۔ذرائع کے مطابق، ان کے ساتھ موجود افسران نے بھی سرکاری گاڑیوں کے بجائے عوامی ٹرانسپورٹ کا استعمال کیا۔ بیروہ نے کہا کہ عالمی اقتصادی چیلنجز اور موجودہ غیر یقینی صورتحال کے درمیان پٹرول اور ڈیزل کی بچت ضروری ہو گئی ہے اور عوامی نقل و حمل کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

