ممبئی پدم شری اعزاز حاصل کرنے کے بعد اداکار آر مادھون کو ان کی اہلیہ سریتا کی جانب سے ایک نہایت محبت بھرا پیغام موصول ہوا۔انسٹاگرام پر ایک جذباتی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے سریتا نے پدم ایوارڈ تقریب کی تصاویر پوسٹ کیں اور 'دھورندھر' اسٹار کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے لکھا کہ میرے پیار، اس مستحق پدم شری اعزاز کے حصول پر تمہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ تمہارا جذبہ، محنت اور فن نے بے شمار لوگوں کے دل جیتے ہیں۔ مجھے آج بھی تم پر فخر ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ پوسٹ کی پہلی تصویر میں آر مادھون کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے پدم شری وصول کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ دیگر تصاویر میں وہ اپنی اہلیہ سریتا اور بیٹے ویدانت کے ساتھ خوشگوار انداز میں نظر آ رہے ہیں۔سریتا نے اس موقع کی خوشی منانے کے لیے تیار کیے گئے ایک خصوصی کیک کی تصویر بھی شیئر کی۔ منگل کے روز راشٹرپتی بھون میں منعقدہ تقریب کے دوران صدر دروپدی مرمو نے آر مادھون کو پدم شری اعزاز سے نوازا۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ سریتا اور بیٹے ویدانت بھی موجود تھے۔ جب مادھون اعزاز وصول کرنے کے لیے اسٹیج پر پہنچے تو دونوں نے فخر کے ساتھ کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں۔ واضح رہے کہ جنوری 2026 میں آر مادھون کا نام پدم شری حاصل کرنے والی شخصیات کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔اس اعزاز پر ردعمل دیتے ہوئے مادھون نے یہ ایوارڈ فلمی دنیا، تمام فنکاروں، اپنے خاندان اور ان تمام لوگوں کے نام کیا جو ان کے سفر میں ان کے ساتھ رہے۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ہر اس شخص کے لیے جس نے میری فلمیں دیکھیں، میرے کرداروں کو اپنایا، میری کامیابیوں کا جشن منایا، میری کمزوریوں کو معاف کیا اور اتنے برسوں تک میرا ساتھ دیا، یہ اعزاز جتنا میرا ہے اتنا ہی آپ سب کا بھی ہے۔ آپ کی محبت نے میری زندگی اور کیریئر کے ہر مرحلے پر مجھے آگے بڑھنے کی ترغیب دی ہے۔ آج میں ایک گہری ذمہ داری بھی محسوس کر رہا ہوں۔ یہ اعزاز مجھے یاد دلاتا ہے کہ ہر اعزاز اور ہر موقع کے ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی وابستہ ہوتی ہے۔ دیانت داری، عاجزی اور بہترین کارکردگی کی اقدار کو برقرار رکھنا، اس سنیما کی دنیا میں بامعنی کردار ادا کرنا جس نے مجھے سب کچھ دیا، اور ہر ممکن طریقے سے اپنے ملک کی خدمت کرنا میری ذمہ داری ہے۔ہندوستانی سنیما کے معروف اداکار آر مادھون نے تمل، تیلگو اور ہندی سمیت کئی زبانوں کی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ حال ہی میں وہ بلاک بسٹر فلمی سیریز 'دھورندھر' میں اپنی اداکاری کے باعث خاصی توجہ حاصل کر چکے ہیں۔

