Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل: ہندوستان کیسے کوالیفائی کرسکتا ہے؟ جانیں تمام امکانات

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل: ہندوستان کیسے کوالیفائی کرسکتا ہے؟ جانیں تمام امکانات

Awaz The Voice 3 hrs ago

نئی دہلی:آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے فائنل میں جگہ بنانے کی ہندوستان کی امیدوں کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ ڈرا ہونے سے بڑا دھچکا لگا ہے۔ یہ میچ جیتنے کی صورت میں ہندوستان کے لیے فائنل کی راہ نسبتاً آسان رہتی۔ لیکن ڈرا کے بعد اب ٹیم کے لیے غلطی کی گنجائش بہت کم رہ گئی ہے۔

ہندوستان 12 ٹیسٹ میچوں میں 5 جیت۔ 4 شکست اور 3 ڈرا کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے مقام پر ہے۔ اس کا پوائنٹس فیصد 50.00 ہے۔ جنوبی افریقہ 75.00 فیصد کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا 69.23 فیصد کے ساتھ دوسرے اور نیوزی لینڈ 66.67 فیصد کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے۔ بنگلہ دیش 40.74 فیصد کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے اور جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد اس کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات تقریباً ختم ہوچکے ہیں۔

ہندوستان کو فائنل میں پہنچنے کے لیے کیا کرنا ہوگا؟

ہندوستان کو ابھی 6 ٹیسٹ میچ کھیلنے ہیں۔ ان میں نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں 27 نومبر سے 1 دسمبر تک ہونے والا دوسرا ٹیسٹ اور جنوری کے آخری ہفتے سے مارچ کے اوائل تک آسٹریلیا کے خلاف گھریلو میدان پر 5 ٹیسٹ میچ شامل ہیں۔ہندوستان کے لیے اب زیادہ سے زیادہ پوائنٹس فیصد 70.37 سے گھٹ کر 66.67 رہ گیا ہے۔ اس ہدف تک پہنچنے کے لیے اسے اپنے باقی تمام 6 میچ جیتنے ہوں گے۔

اگر ہندوستان 5 میچ جیتتا ہے اور ایک ڈرا کرتا ہے تو اس کا پوائنٹس فیصد 62.96 ہوگا۔ 5 جیت اور ایک شکست کی صورت میں یہ شرح 61.11 رہ جائے گی۔ جبکہ 4 جیت اور 2 ڈرا کے ساتھ ہندوستان 59.26 فیصد تک پہنچ سکے گا۔اس لیے کرائسٹ چرچ ٹیسٹ ہندوستان کے لیے فیصلہ کن اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ اس میچ میں کامیابی سے نہ صرف ہندوستان کے زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے کا امکان برقرار رہے گا بلکہ نیوزی لینڈ کو بھی 12 اہم پوائنٹس سے محروم ہونا پڑے گا۔ اگر یہ میچ ڈرا ہوتا ہے تو آسٹریلیا کے خلاف تمام 5 میچ جیتنے کے باوجود ہندوستان کا پوائنٹس فیصد 62.96 سے آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ شکست کی صورت میں یہ شرح زیادہ سے زیادہ 61.11 رہے گی۔

آسٹریلیا کے خلاف سیریز بھی فیصلہ کن ہوگی

آسٹریلیا کے خلاف 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز ہندوستان کے لیے دوسرا بڑا چیلنج ہے۔ اگر ہندوستان یہ سیریز 4-1 یا اس سے بہتر فرق سے جیتتا ہے تو آسٹریلیا کے لیے فائنل کی دوڑ میں برقرار رہنا مشکل ہوجائے گا۔ ایسی صورت میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے تمام گھریلو ٹیسٹ جیتنے کے باوجود آسٹریلیا کا پوائنٹس فیصد تقریباً 63.6 تک محدود رہ سکتا ہے۔ہندوستان کو فائنل کی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے آسٹریلیا کے خلاف کم از کم 4 میچ جیتنے ہوں گے۔ تاہم صرف اتنی کامیابی بھی فائنل میں جگہ یقینی بنانے کے لیے کافی نہیں ہوگی۔

نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے مقابلہ

جنوبی افریقہ کو بنگلہ دیش۔ انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف آئندہ سیریز میں نسبتاً سازگار حالات حاصل ہیں۔ اس لیے اس کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات مضبوط دکھائی دیتے ہیں۔ہندوستان کے لیے دوسری جگہ حاصل کرنے کی اصل دوڑ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے ساتھ ہے۔ اگر ہندوستان کرائسٹ چرچ میں کامیابی حاصل کرتا ہے تو نیوزی لینڈ کو ہندوستان کے بہترین ممکنہ پوائنٹس فیصد 66.67 سے آگے نکلنے کے لیے اپنے باقی 8 ٹیسٹ میچوں میں سے 6 جیتنے ہوں گے۔

نیوزی لینڈ اگر 5 میچ جیتتا ہے اور 3 ڈرا کرتا ہے تو وہ ہندوستان کے بہترین ممکنہ اسکور کے برابر پہنچ سکے گا۔ سری لنکا اور پاکستان کے خلاف اس کی کامیابی کے امکانات بہتر سمجھے جارہے ہیں۔ اس لیے آسٹریلیا کے خلاف اس کے 4 ٹیسٹ میچ فائنل کی دوڑ میں اہم کردار ادا کریں گے۔

ہندوستان کے لیے اب کیا راستہ باقی ہے؟

ہندوستان کو فائنل میں پہنچنے کے لیے کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دینا ہوگی۔ اس کے بعد آسٹریلیا کے خلاف گھریلو سیریز کم از کم 4-1 کے فرق سے جیتنی ہوگی۔ ساتھ ہی اسے یہ امید بھی رکھنی ہوگی کہ نیوزی لینڈ اپنے آئندہ میچوں میں پوائنٹس گنوائے۔ خاص طور پر آسٹریلیا کے دورے میں اس کی ناکامی ہندوستان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔مجموعی طور پر ہندوستان کے لیے فائنل تک پہنچنے کا راستہ اب کافی مشکل ہوگیا ہے۔ باقی ماندہ میچوں میں ایک اور لغزش بھی اس کی مہم کو ختم کرسکتی ہے۔

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Awaz The Voice Urdu