نئی دہلی: کانگریس نے جمعہ کے روز دہلی میں 14 ضلعی کانگریس کمیٹیوں کے صدور کی تقرری کا اعلان کیا۔ یہ تقرریاں قومی راجدھانی میں پارٹی کی تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے مقصد سے جاری "سنگٹھن سرجن ابھیان" کا حصہ ہیں۔ کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے ان تقرریوں کو فوری اثر سے منظوری دی، جس کا اعلان پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے ایک بیان جاری کرکے کیا۔
پارٹی کے مطابق، یہ تقرریاں کانگریس کے مبصرین کی جانب سے ضلع سطح پر کی گئی تفصیلی جائزہ کارروائی کے بعد عمل میں آئیں۔ مبصرین نے پارٹی عہدیداروں اور دیگر متعلقہ افراد سے بات چیت کے بعد اپنی جامع رپورٹ پیش کی۔ بیان کے مطابق، اس عمل کے دوران سینئر رہنماؤں کے ساتھ انفرادی ملاقاتیں بھی کی گئیں۔
مقرر کیے گئے صدور میں آدرش نگر کے لیے سدھارتھ راؤ، چاندنی چوک کے لیے محمد عثمان، کراول نگر کے لیے منگیش تیاگی، بابرپور کے لیے راج کمار جین اور پٹپڑگنج کے لیے وجیندر چودھری شامل ہیں۔ پارٹی نے کرشنا نگر کے لیے سمیت شرما، کرول باغ کے لیے مہندر بھاسکر، نئی دہلی ضلع کے لیے موہندر منگلا، روہنی کے لیے اندر جیت سنگھ اور کیراڑی کے لیے ورون ڈھاکا کو مقرر کیا ہے۔ تلک نگر ضلع کے لیے اماندیپ سنگھ سودن، نجف گڑھ کے لیے راجیش یادو، مہرولی کے لیے وریندر شرما اور بدرپور کے لیے ہرش چودھری کو صدر مقرر کیا گیا ہے۔

