نئی دہلی: اتر پردیش میں گزشتہ دو دنوں کے دوران شدید بارش، تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات نے تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جب کہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ سرکاری رپورٹس کے مطابق خراب موسم کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں 15 افراد زخمی ہوئے اور 16 مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ریاست کے کئی اضلاع میں مسلسل بارش اور تیز ہواؤں کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ کھلے میدانوں میں کام کرنے والے کسان، باہر موجود عام شہری اور کچے مکانات میں رہنے والے افراد سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ کئی علاقوں میں درخت گرنے، بجلی کی فراہمی معطل ہونے اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ریاستی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور اسپتالوں میں تمام ضروری انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین، زخمیوں اور مویشیوں کے نقصان کا معاوضہ 24 گھنٹوں کے اندر فراہم کیا جائے۔
ضلعی مجسٹریٹس اور دیگر متعلقہ افسران کو راحت اور بچاؤ کے کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے خبردار کیا کہ امدادی کاموں میں کسی قسم کی لاپروائی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انتظامیہ کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرگرم عمل ہیں اور گھروں تک پہنچ کر نقصانات کا جائزہ لے رہی ہیں۔ ضرورت مند افراد کو فوری امداد فراہم کرنے کے اقدامات جاری ہیں تاکہ متاثرین کو جلد از جلد ریلیف مل سکے۔
ادھر ہندستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی)نے پیش گوئی کی ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی ریاست کے کئی حصوں میں تیز بارش، آندھی اور بجلی گرنے کا امکان برقرار ہے، جس سے خطرہ ابھی مکمل طور پر ٹلا نہیں ہے۔شمالی بھارت کے دیگر علاقوں میں بھی موسم نے کروٹ لی ہے۔ دہلی - این سی آرسمیت کئی مقامات پر بارش اور اولہ باری سے گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتراکھنڈ، پنجاب، ہریانہ اور چندی گڑھ میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو

