نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آنے والے دنوں میں ملک کے مختلف سرحدی علاقوں کے دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ سرحدوں پر تعینات جوانوں اور افسران سے براہِ راست ملاقات کریں گے۔ حکومت کی جانب سے ان دوروں کو قومی سلامتی، سرحدی نگرانی اور ترقیاتی کاموں کے اعتبار سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق امیت شاہ 25 مئی کی رات راجستھان کے شہر بیکانیرپہنچیں گے اور وہیں قیام کریں گے۔ ان کا یہ دورہ دو روز پر مشتمل ہوگا، جس کے دوران سکیورٹی سے متعلق کئی اہم پروگراموں میں شرکت متوقع ہے۔ اگلے روز یعنی 26 مئی کی صبح ان کا پروگرام بارڈر سکیورٹی فورس کی سانچو سرحدی چوکی کے معائنے کا ہے، جہاں وہ سرحد پر تعینات جوانوں سے ملاقات کریں گے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ جوانوں کے مسائل، ان کے تجربات اور سرحدی حالات کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کریں گے۔ حکام کے مطابق امیت شاہ زمینی صورتحال کا قریب سے جائزہ لینا چاہتے ہیں تاکہ سرحدی علاقوں میں درپیش چیلنجز کو بہتر انداز میں سمجھا جا سکے۔ دورے کے دوران وزیر داخلہ ان فلاحی اسکیموں کا افتتاح بھی کریں گے جو خاص طور پر سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کی سہولت کے لیے تیار کی گئی ہیں۔ مرکزی حکومت کا ماننا ہے کہ ملک کی سرحدوں پر خدمات انجام دینے والے جوانوں کو بہتر رہائشی، طبی اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنا قومی ترجیحات میں شامل ہے۔
دوپہر تقریباً دو بجے بیكانیر میں ایک اعلیٰ سطحی سکیورٹی جائزہ اجلاس بھی منعقد ہوگا۔ اس اہم میٹنگ میں وزارت داخلہ کے سینئر افسران، راجستھان حکومت کے نمائندے، بارڈر سکیورٹی فورس کے اعلیٰ حکام اور سرحدی پانچ اضلاع کے ضلع کلکٹرز اور پولیس سپرنٹنڈنٹس شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ اجلاس محض رسمی کارروائی نہیں ہوگا بلکہ اس میں سرحدی دراندازی روکنے، نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے، حساس علاقوں میں سکیورٹی بڑھانے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت جیسے معاملات پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں مختلف ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل پیدا کرنے کے امکانات پر بھی خاص توجہ دی جائے گی۔
بیكانیر کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر قانون ارجن رام میگھوال نے اس دورے کو اسٹریٹجک اعتبار سے انتہائی اہم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس سرحدی انتظامیہ اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے نئی سمت متعین کر سکتا ہے۔ ان کے مطابق وزیر داخلہ نہ صرف سکیورٹی انتظامات بلکہ بنیادی ڈھانچے اور مختلف ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیں گے۔ امت شاہ کا سرحدی علاقوں کا یہ سلسلہ صرف راجستھان تک محدود نہیں رہے گا۔ اطلاعات کے مطابق وہ 29 مئی کو گجرات کے شہر بھج کا بھی دورہ کریں گے، جہاں وہ بی ایس ایف کی چوکیوں کا معائنہ اور افسران کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ اس کے علاوہ آئندہ ماہ 5 جون کو تریپورہ اور 15 جون کے آس پاس مغربی بنگال کے سرحدی علاقوں کے دورے کا پروگرام بھی طے کیا گیا ہے۔ حکومتی حلقوں کے مطابق ان دوروں کا مقصد سرحدی سلامتی کو مزید مضبوط بنانا اور مقامی ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز کرنا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔

