نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ اور وزیر تعاون امت شاہ نے پیر کو مرکزی وزیر محنت و روزگار، امورِ نوجوانان اور کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویا کو ان کی سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی عوامی خدمات اور ترقیاتی کوششوں کو سراہا۔ امیت شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر اپنے پیغام میں کہا کہ منسکھ مانڈویا وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک کی ترقی، مزدوروں کی فلاح اور کھیلوں کے فروغ کے لیے قابلِ ستائش کام انجام دے رہے ہیں۔امت شاہ نے اپنے پیغام میں لکھا، ''مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویا جی کو سالگرہ کی دلی مبارکباد۔ مودی جی کی قیادت میں آپ مزدوروں کی فلاح و بہبود، اسپورٹس کلچر کے فروغ اور کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے شاندار خدمات انجام دے رہے ہیں۔''انہوں نے مزید کہا کہ وہ خدا سے منسکھ مانڈویا کی اچھی صحت، درازیٔ عمر اور مسلسل کامیابی کے لیے دعا گو ہیں تاکہ وہ اسی جذبے کے ساتھ ملک کی خدمت کرتے رہیں۔
طلبہ سیاست سے قومی قیادت تک کا سفر
یکم جون 1972 کو گجرات کے ضلع بھاونگر کے گاؤں ہنوت میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر منسکھ مانڈویا کا سیاسی سفر جدوجہد اور محنت کی ایک مثال سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز طلبہ سیاست سے کیا اور بتدریج بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اہم قومی لیڈروں میں شمار ہونے لگے۔ان کے نام گجرات کے کم عمر ترین رکن اسمبلی بننے کا اعزاز بھی درج ہے، جس نے انہیں ریاستی سیاست میں ایک منفرد شناخت عطا کی۔
کووڈ19 بحران میں نمایاں کردار
ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے مرکزی وزیر صحت کی حیثیت سے کووڈ19 وبا کے دوران اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔ ان کی نگرانی میں دنیا کی سب سے بڑی ویکسینیشن مہم کو مؤثر انداز میں چلایا گیا، جسے قومی اور بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا۔ صحت کے شعبے میں ان کی انتظامی صلاحیتوں اور بحران سے نمٹنے کی حکمت عملی کو خاص طور پر قابلِ تعریف قرار دیا جاتا ہے۔
گرین ایم پی کے نام سے بھی مشہور
منسکھ مانڈویا کو سیاسی حلقوں میں گرین ایم پی (Green MP) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ وہ ماحولیات کے تحفظ، صفائی ستھرائی اور پائیدار ترقی سے متعلق مہمات میں ہمیشہ سرگرم رہے ہیں۔ ماحولیاتی شعور کو فروغ دینے اور عوامی شرکت بڑھانے کے لیے ان کی کوششوں کو مختلف پلیٹ فارمز پر سراہا گیا ہے۔
خواتین کی صحت اور صفائی کے لیے خدمات
خواتین کی صحت اور حفظانِ صحت سے متعلق بیداری پیدا کرنے اورفلاحی پروگراموں میں نمایاں کردار ادا کرنے پر اقوام متحدہ کے ادارے UNICEF کی جانب سے بھی انہیں اعزازسے نوازاجا چکا ہے۔ ان کی یہ خدمات خاص طور پر دیہی علاقوں میں خواتین کی صحت اورصفائی کے حوالے سے شعور بیدارکرنے میں معاون ثابت ہوئی ہیں۔
سیاسی و سماجی شخصیات کی مبارکباد
امت شاہ کے علاوہ وزیراعظم نریندر مودی، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور دیگر کئی سیاسی شخصیات نے بھی ڈاکٹر منسکھ مانڈویا کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور ان کی عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
بھارت ایکسپریس اردو

