Dailyhunt
Bridge Collapses in Jammu's Bantalab: جموں کے بن تالاب میں پل گرنے سے ایک ہلاک، کئی مزدور ملبے تلے دبے، ریسکیو آپریشن جاری

Bridge Collapses in Jammu's Bantalab: جموں کے بن تالاب میں پل گرنے سے ایک ہلاک، کئی مزدور ملبے تلے دبے، ریسکیو آپریشن جاری

Bharat Express 2 weeks ago

نئی دہلی: جموں کے بن تالاب علاقے میں جمعہ کے روز ایک پل گرنے کے باعث بڑا حادثہ پیش آیا، جس میں 5 سے 7 مزدور ملبے تلے دب گئے۔ حادثے میں ایک مزدور کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ دیگر کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن تیزی سے جاری ہے۔حادثے کے فوراً بعد جموں وکشمیر پولیس، انڈین آرمی اور مقامی انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو آپریشن میں ایس ڈی آر ایف کے اہلکار بھی شامل ہیں، جو ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق دو مزدوروں کو بحفاظت نکال کر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ چار دیگر مزدور اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ ان کی تلاش اور بحفاظت نکالنے کے لیے بھاری مشینری کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق ریسکیو ٹیمیں مسلسل ملبہ ہٹا رہی ہیں تاکہ جلد از جلد پھنسے ہوئے افراد تک پہنچا جا سکے۔

مقامی رکن اسمبلی شیام لال شرمانے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی بھی کئی افراد ملبے کے نیچے موجود ہیں اور انہیں بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے اور تمام متعلقہ ادارے ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق پل کا ایک حصہ اس وقت اچانک منہدم ہو گیا جب اس کی مرمت کا کام جاری تھا۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اسی دوران ایک گاڑی کے گزرنے سے ڈھانچہ کمزور ہو کر گر گیا، جس کے باعث مزدور ملبے تلے دب گئے۔ حادثے کے بعد موقع پر افرا تفری مچ گئی اور کئی مزدوروں نے بھاگ کر اپنی جان بچائی۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور بڑی تعداد میں مقامی لوگ موقع پر جمع ہو گئے ہیں۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ریسکیو کارروائیوں میں رکاوٹ نہ بنیں اور ٹیموں کو اپنا کام کرنے دیں۔حکام کا کہنا ہے کہ جب تک تمام مزدوروں کو بحفاظت نکال نہیں لیا جاتا، ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔ ساتھ ہی حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

بھارت ایکسپریس اردو

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Bharat Express Urdu