مہاراشٹر کے پمپری چنچواڑ شہر کے موشی علاقے میں بدھ کے روز ایک عمارت اچانک منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ پمپری چنچواڑ فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق 13 سے 14 افراد عمارت کے ملبے تلے پھنسے ہو سکتے ہیں۔ تاہم، ابھی تک اس حوالے سے سرکاری طور پر کسی جانی نقصان یا زخمیوں کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
ریسکیو آپریشن جاری، ملبہ ہٹانے کا کام شروع
حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے اہلکار اور دیگر ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ملبہ ہٹانے کے ساتھ پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ حکام کے مطابق واقعے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور مزید معلومات سامنے آنے کے بعد صورتحال کی مکمل تفصیلات جاری کی جائیں گی۔
بارش کی وجہ سے روزمرہ کی زندگی متاثر
واضح رہے کہ ممبئی میں شدید بارش کی وجہ عام زندگی پوری طرح متاثر ہوگئی ہے۔ بارش کی وجہ سے عمومی طور سے عمارتوں کی نقصان پہنچتا ہے۔ تازہ واقعہ بھی اسی تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔ دوسری جانب ممبئی میں بارش کی وجہ سے ریلوے کا کام کاج بھی پوری طرح متاثر ہے۔ مغربی ریلوے کے چیف پبلک ریلیشنز آفیسر ونیت ابھیشیک نے وسئی اور ویرار کے درمیان لوکل ٹرینوں کی آمد و رفت میں 25 سے 30 منٹ کی تاخیر اور پھنسے ہوئے مسافروں کے لیے کیے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے بدھ کے روز خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ممبئی میں گزشتہ کئی دنوں سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے، جبکہ خاص طور پر نالاسوپارا علاقے میں مسلسل بارش کے باعث بار بار شدید واٹر لاگنگ کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال چرچ گیٹ سے وسئی روڈ، وسئی روڈ سے ویرار اور ویرار سے دہانو روڈ تک پورے ریلوے نیٹ ورک پر لوکل ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں۔ چرچ گیٹ سے وسئی روڈ کے درمیان ٹرینوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے، جبکہ وسئی روڈ، نالاسوپارا اور ویرار کے درمیان پانی بھر جانے کی وجہ سے ٹرینیں وقفے وقفے سے چلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی پوری کوشش ہے کہ لوکل ٹرینوں کی آمد و رفت زیادہ سے زیادہ معمول کے مطابق برقرار رہے، تاہم موجودہ حالات میں ٹرینیں تقریباً 25 سے 30 منٹ کی تاخیر سے چل رہی ہیں۔ ممبئی میں گزشتہ چند روز سے مسلسل بارش کے باعث لوکل ٹرینوں میں تاخیر ریکارڈ کی جا رہی ہے، جس سے روزانہ سفر کرنے والے لاکھوں افراد ذہنی اور پیشہ ورانہ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔

