نئی دہلی: دہلی کے ساکیت علاقے میں واقع سیدالاجاب میں ہفتے کی شام ایک چار منزلہ عمارت اچانک زمین بوس ہو گئی، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ، این ڈی آر ایف، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، سول ڈیفنس، ایم سی ڈی اور کیٹس ایمبولینس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ رات گئے تک جاری رہنے والے امدادی کاموں کے دوران 11 افراد کو ملبے سے نکال کر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق گراؤنڈ پلس تین منزلہ اس عمارت کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام جاری تھا۔ اچانک عمارت گرنے سے اس کا ملبہ قریب قائم ایک عارضی ٹین شیڈ کینٹین پر جا گرا، جہاں اس وقت متعدد افراد کھانا کھا رہے تھے۔ واقعے کی اطلاع شام تقریباً 7 بج کر 44 منٹ پر فائر بریگیڈ کو موصول ہوئی، جس کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر روانہ کر دی گئیں۔
حکام نے بتایا کہ ملبہ ہٹانے کا کام رات گئے تک جاری رہا۔ امدادی کارروائیوں کے لیے جے سی بی مشینوں کی مدد لی گئی، جبکہ فائر بریگیڈ کی سات گاڑیاں بھی موقع پر تعینات کی گئیں۔ چونکہ یہ علاقہ گنجان آبادی والا ہے، اس لیے ریسکیو ٹیموں کو کارروائی کے دوران کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ابتدائی طور پر عمارت کے ساتھ واقع کینٹین میں دبے چار افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں مزید افراد کو ملبے سے نکالا گیا۔ زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کے لیے پولیس نے گرین کوریڈور بھی قائم کیا تاکہ ایمبولینسیں بغیر کسی رکاوٹ کے اسپتال تک پہنچ سکیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ عمارت میں گزشتہ چند دنوں سے مرمت اور تعمیراتی کام جاری تھا۔ عمارت میں مختلف دفاتر قائم تھے، جبکہ یہاں ایک کوچنگ سینٹر اور ایک نجی فرم بھی کام کر رہی تھی۔ رات نو بجے تک چھ افراد کو ملبے سے نکالا جا چکا تھا، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ مزید لوگ بھی ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں، جس کے پیش نظر سرچ آپریشن جاری رکھا گیا۔
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے اس حادثے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر جاری بیان میں کہا کہ این ڈی آر ایف، دہلی فائر سروس، پولیس، ڈی ڈی ایم اے، ایم سی ڈی، کیٹس ایمبولینس سروس اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں مشترکہ طور پر امدادی کارروائیاں انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملبے میں پھنسے تمام افراد کو محفوظ نکالنے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے حکومت پوری سنجیدگی کے ساتھ کام کر رہی ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو

