نئی دہلی: انڈین پریمیئر لیگ 2026 کے 70 لیگ میچوں کے بعد پلے آف کی تصویر مکمل طور پر صاف ہو چکی ہے۔ چار ٹیمیں پلے آف کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں، جبکہ پوائنٹس ٹیبل میں پہلے اور دوسرے نمبر پر رہنے والی رائل چیلنجرس بنگلورو اور گجرات ٹائٹنس پہلے کوالیفائر میں آمنے سامنے ہوں گی۔ تاہم، اس مقابلے میں شکست کھانے والی ٹیم کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم نہیں ہوگا۔ آئی پی ایل کے قوانین کے مطابق پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ-2 پوزیشن پر رہنے والی ٹیموں کو ایک اضافی موقع حاصل ہوتا ہے۔ پہلے کوالیفائر میں شکست کھانے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوتی بلکہ اسے دوسرے کوالیفائر میں کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔ دوسرے کوالیفائر میں اس ٹیم کا مقابلہ ایلیمنیٹر جیتنے والی ٹیم سے ہوگا۔ اسی وجہ سے آر سی بی یا گجرات میں سے جو بھی ٹیم پہلے کوالیفائر میں ہارے گی، اسے فائنل تک پہنچنے کے لیے ایک اور چانس ملے گا۔
رجت پاٹیدار کی قیادت میں شاندار رہی آر سی بی
رجت پاٹیدار کی قیادت میں دفاعی چیمپئن آر سی بی نے مسلسل دوسری مرتبہ پلے آف میں جگہ بنائی ہے۔ ٹیم نے لیگ مرحلے میں 14 میں سے 9 میچ جیتے جبکہ 5 میں شکست کا سامنا کیا۔ بہتر نیٹ رن ریٹ کے باعث آر سی بی 18 پوائنٹس کے ساتھ جدول میں سرفہرست رہی۔ آر سی بی کے لیے اس سیزن وراٹ کوہلی اور دیودت پڈیکل نے بلے بازی میں عمدہ کارکردگی دکھائی۔ کوہلی نے 14 میچوں میں 163 کے اسٹرائیک ریٹ سے 557 رنز بنائے ہیں۔ کپتان رجت پاٹیدار نے بھی اہم اننگز کھیلیں، جبکہ ٹم ڈیوڈ نے بہترین فنشر کا کردار ادا کیا۔ بولنگ میں بھونیشور کمار نے شاندار کارکردگی دکھائی، جبکہ جوش ہیزل ووڈ اور رسکھ سلام نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
گل اور سدرشن کی جوڑی نے گجرات کو ٹاپ-2 میں پہنچایا
دوسری جانب شبھمن گل کی قیادت میں گجرات ٹائٹنس نے بھی 14 میں سے 9 میچ جیت کر 18 پوائنٹس حاصل کیے اور بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر دوسرے نمبر پر رہی۔ گجرات کے لیے سائی سدرشن اور شبھمن گل کی اوپننگ جوڑی پورے سیزن میں زبردست فارم میں رہی۔ سدرشن 14 میچوں میں 638 رنز بنا چکے ہیں جبکہ گل نے 13 میچوں میں 616 رنز اسکور کیے ہیں۔ اس کے علاوہ جوس بٹلر نے بھی شاندار بیٹنگ کی۔ بولنگ میں محمد سراج اور کگیسو ربادا کی جوڑی نے مخالف بلے بازوں کو سخت پریشان کیا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔

