Dailyhunt
KKR vs SRH IPL 2026: سن رائزرز حیدرآباد کی زبردست جیت، کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو 65 رنز سے شکست

KKR vs SRH IPL 2026: سن رائزرز حیدرآباد کی زبردست جیت، کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو 65 رنز سے شکست

Bharat Express 3 weeks ago

نئی دہلی :سن رائزرز حیدرآباد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو 65 رنز سے شکست دے کر انڈین پریمیئر لیگ 2026 میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کر لی۔ ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے اس میچ میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا، مگر سن رائزرز حیدرآباد نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 226 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کر دیا۔ ہدف کے تعاقب میں کولکاتا کی ٹیم 20 اوورز بھی مکمل نہ کھیل سکی اور 161 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے ابھیشیک شرما اور ٹریوس ہیڈ نے دھماکہ خیز آغاز کیا۔ دونوں نے صرف 34 گیندوں میں 82 رنز کی شراکت قائم کی۔ ابھیشیک شرما نے 48 جب کہ ٹریوس ہیڈ نے 46 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی۔ اس کے بعد ہینرک کلاسن نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو 226 رنز تک پہنچایا۔

ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے اتری کولکاتا کی شروعات اچھی نہ رہی۔ فن ایلن نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پہلے ہی اوور میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے، لیکن وہ 7 گیندوں پر 28 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ کپتان اجنکیا رہانے بھی صرف 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد انگکرش رگھوونشی نے 29 گیندوں پر 52 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی اور اورنج کیپ کی دوڑ میں بھی آگے نکل گئے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ مہنگے کھلاڑی کیمرون گرین مسلسل دوسرے میچ میں ناکام رہے اور صرف 2 رنز بنا سکے۔ رنکو سنگھ نے 25 گیندوں پر 35 رنز بنائے، مگر ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

ایک وقت کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے 10.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنا لیے تھے اور جیت قریب نظر آ رہی تھی، لیکن رگھوونشی کے رن آؤٹ ہوتے ہی ٹیم لڑکھڑا گئی۔ اس کے بعد صرف 41 رنز کے اندر کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے باقی سات وکٹیں گنوا دیں اور پوری ٹیم 161 رنز پر سمٹ گئی۔اس طرح سن رائزرز حیدرآباد نے آئی پی ایل 2026 میں اپنی پہلی جیت درج کی، جب کہ کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارت ایکسپریس اردو

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Bharat Express Urdu