روم: اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے منگل کی رات روم پہنچنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا نہایت گرمجوشی سے استقبال کیا۔ وزیر اعظم مودی اپنے پانچ ممالک کے دورے کے آخری مرحلے میں اٹلی پہنچے ہیں۔
میلونی کا خصوصی پیغام
جارجیا میلونی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر وزیر اعظم مودی کے لیے ایک خصوصی پیغام بھی جاری کیا۔ انہوں نے لکھا، ''روم میں آپ کا استقبال ہے، میرے دوست!'' اس پیغام سے دونوں لیڈران کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات کی جھلک صاف نظر آئی۔ وزیر اعظم مودی کے اس دورۂ اٹلی کے دوران ان کی وزیر اعظم میلونی کے ساتھ دوطرفہ بات چیت ہوگی۔ اس کے علاوہ وہ اٹلی کے صدر سرجیو میٹریلا سے بھی ملاقات کریں گے۔
بھارتی برادری کا شاندار خیرمقدم
روم پہنچتے ہی وہاں موجود بھارتی برادری نے وزیر اعظم نریندر مودی کا شاندار استقبال کیا۔ وزیر اعظم کی آمد کی خوشی میں لوگ پہلے ہی سے منتظر تھے۔ جیسے ہی وزیر اعظم وہاں پہنچے، 'مودی-مودی' اور 'بھارت ماتا کی جے' کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ وزیر اعظم مودی نے بھی لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور خوش دلی کے ساتھ ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چند بچے ہاتھ سے بنائی گئی تصاویر لے کر پہنچے تھے۔ وزیر اعظم نے بچوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان تصاویر پر اپنے دستخط بھی کیے۔
بھارت-اٹلی تعلقات کو نئی سمت
وزیر اعظم مودی نے اپنی اس سرکاری دورے کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت اور اٹلی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے روم آئے ہیں۔ بدھ کے روز وزیر اعظم مودی کی ملاقات جارجیا میلونی سے تاریخی مقام ولا ڈوریا پامفیلی میں ہوگی۔ توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں لیڈر بھارت-اٹلی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کریں گے۔
وزارت خارجہ کا بیان
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے 'ایکس' پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا، ''بھارت-اٹلی اسٹریٹجک شراکت داری میں ایک نئے باب کا اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی سرکاری دورے پر روم پہنچ گئے ہیں۔ اٹلی کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ انٹونیو تجانی نے ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔'' انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور اٹلی کے درمیان طویل عرصے سے مضبوط اور کئی شعبوں پر مشتمل تعلقات قائم ہیں، اور یہ دورہ دونوں ممالک کی شراکت داری کو نئی رفتار دے گا۔
تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ
وزارت خارجہ کے مطابق یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ممالک کے تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں۔ بھارت اور اٹلی مل کر 2025 سے 2029 تک کی مشترکہ اسٹریٹجک ورک پلان پر کام کر رہے ہیں۔ اس منصوبے میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صاف توانائی، اختراع، سائنس و ٹیکنالوجی اور عوامی روابط جیسے کئی اہم شعبے شامل ہیں۔
وزارت خارجہ نے بتایا کہ 2025 میں بھارت اور اٹلی کے درمیان دوطرفہ تجارت 16.77 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اپریل 2000 سے ستمبر 2025 کے درمیان اٹلی کی جانب سے بھارت میں 3.66 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
یورپ کے ساتھ تعلقات ہوں گے مضبوط
وزارت خارجہ نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم مودی کا یہ دورہ یورپ کے ساتھ بھارت کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا، خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں۔ حال ہی میں بھارت اور یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر بات چیت مکمل ہوئی ہے، جس سے دونوں فریقوں کے اقتصادی تعلقات میں مزید بہتری کی امید کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اس سے قبل جون 2024 میں جی7 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بھی اٹلی گئے تھے۔
بھارت ایکسپریس۔

