نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت کے 12 سال مکمل ہونے کے موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 5 جون سے 21 جون تک ملک گیر عوامی رابطہ مہم چلائے گی۔ اس مہم کے تحت پارٹی لیڈر اور کارکن ملک کے مختلف علاقوں، خصوصاً دیہی علاقوں میں جا کر عوام کو حکومت کی کامیابیوں اور فلاحی منصوبوں سے آگاہ کریں گے۔اس سلسلے میں بی جے پی کے سینئر عہدیداروں اور زمینی سطح کے کارکنوں کی ایک اہم میٹنگ پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت پارٹی کے قومی صدر نتن نوین نے کی۔ اجلاس میں تنظیمی توسیع، عوامی رسائی میں اضافہ اور حکومت کی 12 سالہ کارکردگی کو عوام تک مؤثر انداز میں پہنچانے کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پارٹی کے مطابق یہ خصوصی مہم عالمی یومِ ماحولیات (5 جون) سے شروع ہو کر بین الاقوامی یوم یوگا (21 جون) تک جاری رہے گی۔ اس دوران بی جے پی لیڈرگاؤں گاؤں جا کر عوام سے ملاقات کریں گے اور مرکزی حکومت کی ترقیاتی اور عوامی فلاحی اسکیموں کی معلومات فراہم کریں گے۔مہم کے تحت ہر اسمبلی حلقے میں 100 بااثر ووٹروں سے بھی ملاقات کی جائے گی اور ان سے حکومتی پالیسیوں اور عوامی مسائل پر رائے لی جائے گی۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ اس عمل سے نہ صرف عوامی فیڈ بیک حاصل ہوگا ،بلکہ تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ یہ مہم 23 جون سے قبل مکمل ہو جائے گی، جسے پارٹی ملک بھر میں ''بلی دان دیوس'' کے طور پر مناتی ہے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ اس وقت نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی حکومتیں ملک کی 22 ریاستوں میں برسر اقتدار ہیں، جو بی جے پی کے بڑھتے ہوئے سیاسی اثر و رسوخ اور مضبوط تنظیمی بنیادوں کی علامت ہے۔ پارٹی قیادت نے بوتھ سطح تک تنظیم کو مزید فعال اور مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس کے دوران نوجوانوں کو پارٹی سے جوڑنے اور انہیں ابتدائی مرحلے سے ہی قیادت کی ذمہ داریاں دینے کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پارٹی میں ان کی شرکت اور قیادت کے مواقع بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
اس کے علاوہ درج فہرست ذاتوں (ایس سی) اور درج فہرست قبائل (ایس ٹی) کی زیادہ سے زیادہ شمولیت یقینی بنانے کے لیے خصوصی منصوبوں کو منظوری دی گئی۔ بی جے پی ڈاکٹروں، انجینئروں، وکلا اور دیگر پیشہ ور طبقوں کو بھی تنظیم سے جوڑنے کے لیے الگ مہم چلانے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ ان کی مہارت کو پالیسی سازی اور سماجی ترقی میں استعمال کیا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر بی جے پی صدر نتن نوین نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ تنظیمی توسیع اور عوامی رابطہ مہم کو کامیاب بنانے میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بوتھ سطح کی مضبوطی اور معاشرے کے نئے طبقات تک رسائی پارٹی کی مستقبل کی کامیابی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو

