Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
PM Modi Mann Ki Baat: شدید گرمی کے درمیان وزیراعظم مودی کی احتیاط برتنے کی اپیل، کہا: پانی پیتے رہیں اور دھوپ سے بچیں

PM Modi Mann Ki Baat: شدید گرمی کے درمیان وزیراعظم مودی کی احتیاط برتنے کی اپیل، کہا: پانی پیتے رہیں اور دھوپ سے بچیں

Bharat Express 2 weeks ago

نئی دہلی: ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیش نظر وزیراعظم نریندر مودی نے عوام سے محتاط رہنے اور صحت کا خاص خیال رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کے موسم میں مناسب احتیاط اور پانی کا زیادہ استعمال جسم کو محفوظ رکھنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔وزیراعظم مودی نے اتوار کو اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام " من کی بات " کے 134ویں ایپی سوڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ تیز دھوپ اور گرم ہواؤں کے درمیان لوگوں کو اپنی صحت کے حوالے سے زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نریندر مودی نے کہا، "پانی پیتے رہیے اور اگر دھوپ میں نکلنا ضروری ہو تو پوری احتیاط کے ساتھ نکلیں۔ حکومت کے مختلف محکموں کی جانب سے جاری کردہ رہنما اصولوں پر بھی عمل کریں تاکہ گرمی کے مضر اثرات سے بچا جا سکے۔"وزیراعظم نے اپنے خطاب میں بھارتی روایات اور خوراک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاں گرمی کا مقابلہ کرنے کے کئی طریقے گھریلو اور روایتی طرزِ زندگی میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے گرمی میں اضافہ ہوتا ہے، ویسے ویسے گھروں کے باورچی خانوں کا ذائقہ اور انداز بھی بدل جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہیں مٹکے کا ٹھنڈا پانی استعمال کیا جاتا ہے، کہیں دہی جمائی جاتی ہے اور کہیں کچے آم ابال کر روایتی مشروبات تیار کیے جاتے ہیں۔ یہی روایتی مشروبات گرمی سے راحت پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔وزیراعظم مودی نے کہا کہ بھارت کے مختلف علاقوں میں پائے جانے والے روایتی موسمِ گرما کے مشروبات نہ صرف جسم کو ٹھنڈک پہنچاتے ہیں بلکہ مختلف ثقافتوں اور روایات کی نمائندگی بھی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق ہر مشروب اپنی ایک منفرد کہانی رکھتا ہے اور ملک کی ثقافتی رنگا رنگی کو اجاگر کرتا ہے، جو "ایک بھارت، شریشٹھ بھارت" کے تصور کو مزید مضبوط بناتا ہے۔

انہوں نے مختلف ریاستوں کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ شمالی بھارت میں آم پنا گرمی سے نجات کا ایک مقبول ذریعہ ہے، جبکہ پنجاب اور ہریانہ کی بڑی گلاسوں والی لسی اپنی الگ پہچان رکھتی ہے۔ راجستھان اور گجرات میں چھاچھ روزمرہ خوراک کا اہم حصہ ہے، جبکہ بہار، جھارکھنڈ اور مشرقی اتر پردیش میں ستو کا شربت توانائی اور غذائیت کا اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔وزیراعظم نے کونکن اور گوا کے مشہور کوکم شربت، جنوبی بھارت کے پانکم اور سمبارم، نیز اڈیشہ کے روایتی بیل پنا کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف مشروبات نہیں بلکہ مختلف علاقوں کی ثقافتی اور سماجی روایات کا اہم حصہ ہیں۔اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم مودی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گرمی کے موسم میں روایتی دیسی مشروبات سے لطف اندوز ہوں، مناسب مقدار میں پانی پئیں اور صحت سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ شدید گرمی کے اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔

بھارت ایکسپریس اردو

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Bharat Express Urdu