ماڈل ٹویشا شرما موت معاملے میں بھوپال پولیس کمشنر سنجے کمار نے بڑی جانکاری دی ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ ٹویشا شرما کی لاش کا دوسرا پوسٹ مارٹم بھوپال کے ایمس اسپتال میں ہی کیا جائے گا اور اس کی رپورٹ کا انتظار کیا جائے گا۔پولیس کمشنر کے مطابق ٹویشا شرما کے شوہر اور کیس کے مرکزی ملزم سمرتھ سنگھ کو عدالت میں پیش کرکے سات دن کی پولیس ریمانڈ مانگی جائے گی۔ اس دوران اس سے معاملے کے ہر پہلو پر تفصیلی پوچھ گچھ کی جائے گی۔ کمشنر نے کہا کہ سمرتھ سنگھ گزشتہ دس دنوں سے مفرور تھا اور جہاں کہیں بھی وہ چھپا ہوا تھا، ان تمام لوگوں کی بھی جانچ کی جائے گی اور ان سے پوچھ گچھ ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم کی والدہ اور ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ جج گری بالا سنگھ سے بھی پوچھ تاچھ کی جائے گی۔
سات دن کی ریمانڈ مانگے گی پولیس
پریس کانفرنس میں پولیس کمشنر نے بتایا کہ سمرتھ سنگھ کو دیر رات بھوپال لایا گیا۔ وہ دس دن سے فرار تھا اور اس نے جبل پور میں خودسپردگی کی کوشش کی تھی۔ بھوپال پولیس کی ٹیم بھی وہاں پہنچی تھی، لیکن عدالت نے اس کی سرنڈر درخواست قبول نہیں کی۔ اس کے بعد جبل پور پولیس کی مدد سے بھوپال پولیس نے اسے اپنی تحویل میں لیا اور رات دیر گئے بھوپال منتقل کیا گیا۔اب اس کا میڈیکل کروا کر عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں پولیس سات دن کی ریمانڈ طلب کرے گی۔
گری بالا سنگھ کو بھیجے جا چکے ہیں نوٹس
پولیس کمشنر نے ٹویشا شرما کی ساس گری بالا سنگھ کے حوالے سے بتایا کہ انہیں اب تک تین نوٹس بھیجے جا چکے ہیں۔ دوسری طرف گری بالا سنگھ کا کہنا ہے کہ انہیں کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔ اس پر کمشنر نے واضح کیا کہ پولیس کی جانب سے پوچھ گچھ کے لیے تین بار نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ اگر وہ انکار کر رہی ہیں تو یہ الگ بات ہے، لیکن پولیس کی کوشش ہے کہ جلد از جلد ان سے پوچھ تاچھ کی جائے۔
بھارت ایکسپریس اردو

