Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
یورو وژن فائنل: اسرائیل کی شرکت پر پانچ ممالک کا بائیکاٹ

یورو وژن فائنل: اسرائیل کی شرکت پر پانچ ممالک کا بائیکاٹ

DW Urdu 1 week ago
اسرائیل کی شرکت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پانچ یورپی ممالک نے گیتوں کے سالانہ یورو وژن مقابلے کے فائنل کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ ہسپانوی وزیر اعظم کے مطابق ان کا ملک 'تاریخ کی درست سمت' پر ہے۔اس 70ویں ایڈیشن کی تیاریاں اسرائیلی شرکت کے خلاف شدید احتجاج اور بائیکاٹ کی وجہ سے دھندلی رہیں۔ اسپین، نیدرلینڈز، آئرلینڈ، آئس لینڈ اور سلووینیا کے سرکاری براڈکاسٹرز نے اسرائیل کی شرکت کے خلاف احتجاجاً اس تقریب سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔ ان ممالک کا موقف ہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائی کے باعث ان کے لیے شرکت ممکن نہیں۔ آئرلینڈ کے براڈکاسٹر 'آر ٹی ای' نے کہا کہ غزہ میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان اور انسانی بحران کے پیش نظر اس مقابلے میں حصہ لینا ''نا قابلِ برداشت'' ہو گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک ہزار سے زائد فنکاروں نے بھی اسرائیل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اس کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔ دوسری جانب اسرائیل نے اس کے جواب میں عالمی سطح پر اس کے خلاف ''بدنامی کی مہم'' چلانے کا الزام لگایا ہے۔ دو دہائیوں میں سب سے چھوٹا مقابلہ اس ایونٹ کے مرکزی منتظم مارٹن گرین نے نیوز ایجنسی روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، 'ہم دنیا کا سب سے بڑا میوزک شو ہیں۔ ہمارے جیسا کوئی بھی عالمی پروگرام کبھی نہ کبھی دنیا کی حقیقتوں سے ٹکراتا ضرور ہے۔ ہم یورو وژن کو ایک غیر جانبدار پلیٹ فارم بنائے رکھنے کی پوری کوشش کرتے ہیں، جہاں فنکار موسیقی کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑ سکیں۔" ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے جمعے کو کہا کہ وہ یقین رکھتے ہیں کہ ان کا ملک ''تاریخ کی درست سمت'' پر ہے۔ فلسطین کے حامی کارکنوں نے جمعے کو ویانا کے مرکز میں ''گانے کے ذریعے احتجاج'' کے نام سے متبادل کنسرٹ کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر ستاون سالہ دالیا ساریگ، جو گردن پر کفایہ اسکارف پہنے ہوئے تھیں، نے اے ایف پی سے کہا، ''میں یہودی ہوں، فلسطین کی حمایت کرتی ہوں اور میں نہیں چاہتی کہ یورو وژن پر اسرائیل کو پلیٹ فارم دیا جائے۔'' ویانا میں احتجاجی مظاہرے آج آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں فضا تناؤ سے بھری اور نسبتاً خاموش ہے۔ اسرائیل کی شرکت کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں لوگوں کی تعداد محدود رہی۔ پولیس ہفتے کے روز سے ہی خلل کی کوششوں کے پیش نظر مکمل طور پر الرٹ ہے۔ منگل کے سیمی فائنل کے دوران ایک مظاہرہ کرنے والے نے ''نسل کُشی بند کرو'' اور ''فری فلسطین'' کے نعرے لگائے۔ اسے اور تین دیگر افراد کو ایرینا سے باہر نکال دیا گیا۔ دریں اثنا یورپی براڈکاسٹنگ یونین (ای بی یو) نے اسرائیلی براڈکاسٹر 'کے اے این' کو باضابطہ انتباہ جاری کیا ہے کیونکہ اس کی جانب سے ناظرین سے زیادہ سے زیادہ ووٹ اسرائیلی گلوکار کو دینے کی اپیل کی جا رہی تھی، جو اب قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ ادارت: شکور رحیم
Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: DW Urdu