Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
اٹلی میں سامیت دشمنی کے خلاف نیا قانون منظور

اٹلی میں سامیت دشمنی کے خلاف نیا قانون منظور

DW Urdu 4 days ago
اٹلی کی پارلیمان نے سامیت دشمنی کے خلاف ایک قانون کی حتمی منظوری دے دی ہے۔ تاہم اس میں شامل ایک متنازعہ شق پر تنقید کی جا رہی ہے۔ مخالفین کا کہنا ہے کہ اس شق سے آزادی اظہار اور فلسطینی حقوق کی حمایت محدود ہو سکتی ہے۔اطالوی ایوان زیریں نے منگل کی رات 147 کے مقابلے میں 93 ووٹوں سے اس قانون کی منظوری دی۔ اس قانون کے تحت انٹرنیشنل ہولوکاسٹ ریممبرنس الائنس (IHRA) کی جانب سے اینٹی سیمیٹزم کی تعریف کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا گیا ہے، جس میں اسرائیل پر تنقید کی بعض صورتوں کو بھی یہود دشمنی کے طرز عمل کی مثالوں میں شامل کیا گیا ہے۔ مخالفین کا کہنا ہے کہ اس قانون سے فلسطینی حقوق کی حمایت کرنے والوں کی آواز دب سکتی ہے، جبکہ وزیر اعظم جورجیا میلونی کی مرکز سے دائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والی حکمران جماعت کا موقف ہے کہ تشدد اور امتیازی سلوک سے نمٹنے کے لیے یہ قانون ضروری ہے۔ اس قانون میں خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے تاہم کسی قسم کے مالی جرمانے یا فوجداری سزاؤں کی شق شامل نہیں کی گئی۔ گرین لیفٹ الائنس (AVS) کے شریک سربراہ اینجیلو بونیلی نے کہا، ''دائیں بازو کی جماعتیں تنقید کو خاموش کرانے کے لیے سامیت دشمنی سے متعلق بل کو استعمال کر رہی ہیں۔'' غزہکی جنگ شروع ہونے کے بعد سے اٹلی میں فلسطینیوں کے حق میں سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ جنگ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کی قیادت میں اسرائیل پر حملوں کے بعد شروع ہوئی تھی۔ بائیں بازو کی اطالوی جماعتوں نے عمومی طور پر ان تحریکوں کی حمایت کی ہے، جبکہ میلونی کی حکومت نے بعض مظاہرین پر بدامنی کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ اٹلی کی یہودی برادریوں کی یونین (UCEI) کی صدر نے اس قانون کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اطالوی سول سوسائٹی میں ''جمہوری مدافعتی قوت'' مضبوط ہو گی۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا، ''اینٹی سیمیٹزم جدوجہد کسی ایک سیاسی جماعت کی لڑائی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی جنگ ہے اور اسے سیاسی وابستگیوں کے تابع نہیں کیا جا سکتا۔'' آزادی اظہار سے متعلق خدشات اگرچہ بائیں بازو کی جماعتوں نے بڑی حد تک اس بل کی مخالفت کی، تاہم مرکزی اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی (PD) کے ارکان پارلیمان کے ایک چھوٹے گروپ نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ انہوں نے پارٹی قیادت کی جانب سے بل کے خلاف ووٹ دینے کی ہدایت کو نظرانداز کیا، جس سے اس معاملے پر جماعت کے اندر اختلافات بھی سامنے آئے۔ ڈیموکریٹک پارٹی نے غزہ پٹی میں تشدد کی مذمت کی ہے، تاہم اس کا موقف اس کے اتحادیوں فائیو اسٹار موومنٹ اور گرین لیفٹ الائنس کے مقابلے میں زیادہ محتاط رہا ہے۔ ان دونوں جماعتوں نے اسرائیل پر نسل کشی کا الزام عائد کیا ہے، جسے اسرائیل مسترد کرتا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے حکومت سے بارہا مطالبہ کیا کہ اینٹی سیمیٹزم کی تعریف میں ترمیم کی جائے، تاہم ان کے مطالبات پر توجہ نہیں دی گئی۔ حکمران اتحاد نے اس الزام کو بھی مسترد کر دیا کہ یہ قانون اسرائیل سے متعلق بحث کو محدود کر دے گا۔ حکومت کا اصرار ہے کہ سیاسی تنقید کو مکمل تحفظ حاصل رہے گا۔ حکمران اتحاد میں شامل جماعت فورسا اٹالیا کے ایک رکن نے کہا، ''کسی نے بھی کبھی آزادی اظہار اور تنقید کو محدود کرنے کی کوشش نہیں کی، کیونکہ یہ ہماری جمہوریت کے بنیادی ستونوں میں سے ایک ہے۔'' قانون کے حامیوں کا کہنا ہے کہ غزہ کی جنگ شروع ہونے کے بعد سامیت مخالف واقعات میں اضافے کے پیش نظر مزید مؤثر حفاظتی اقدامات کی ضرورت تھی۔ میلان کے یہودی مرکز برائے عصری دستاویزات (CDEC) کے تحقیقی شعبے، اینٹی سیمیٹزم آبزرویٹری، کے مطابق 2025 میں ایسے 963 واقعات ریکارڈ کیے گئے، جو 2022 میں رپورٹ ہونے والے واقعات سے تقریباً چار گنا زیادہ تھے۔ CDEC کے ڈائریکٹر نے روئٹرز کو بتایا، ''ہم نے ایسے واقعات میں اضافہ دیکھا ہے جن میں لوگوں کو دھکے دیے گئے، ان پر تھوکا گیا یا انہیں تھپڑ مارے گئے۔ ہم نے 2025 میں ایسے 18 واقعات ریکارڈ کیے، جبکہ رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں ان کی تعداد 10 رہی۔'' ادارت: مقبول ملک
Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: DW Urdu