ڈیجیٹل معیشت میں بچوں کے بچپن سے منافع کمانے کا رجحان بڑھ رہا ہے، لیکن اس منافع میں ان کا حق کیا ہے اور ان کے بچپن کے تحفظ کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے؟ پاکستان میں یہ سوالات اب بھی پالیسی سازوں کی توجہ کے منتظر ہیں۔ماہرین کے مطابق سوشل میڈیا پر کانٹینٹ تخلیق کرنے والے بچے ایک کاروباری ماڈل کا حصہ ہیں، جہاں ان کے بچپن سے منافع کمایا جا رہا ہے۔ ویوز اور آمدنی کی اس دوڑ میں بچوں کی تعلیم، کھیل، ذہنی نشوونما اور نجی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ ایک دس بارہ سال کا بچہ اپنی والدہ کے ساتھ کیمرے کے سامنے کھیل رہا ہے۔ وہ ماں کو بیڈ پر گراتا ہے، اس کا منہ چومتا ہے، ماں اسے ہنستے ہوئے پرے دھکیلتی ہے، وہ دوبارہ گرانے کی کوشش کرتا ہے، پھر ماں کے اوپر بیٹھ کر اس کے کولہے کو تھپتھپانے لگتا ہے۔ ایک اور ویڈیو میں والد اپنی دو کم عمر بیٹیوں اور بیٹے کے ساتھ بیٹھا گانا گا رہا ہے۔ سات آٹھ سالہ بیٹا ایک مصرع گاتا ہے، بہن اگلی سطر میں اس کا ساتھ دیتی ہے، پھر والد اور دوسری بہن بھی اس میں شامل ہو جاتے ہیں۔ ہیرو ہیروئن کے کردار میں ڈھل کر وہ چاروں ساتھ ساتھ ایکٹ بھی کرتے جاتے ہیں۔ ایک ٹک ٹاکر بچے کو ہلکا سا تھپڑ مار کر رلاتا ہے، پھر بچے کے ساتھ اسی کے اسٹائل میں روتا ہے، ویڈیو وائرل ہو جاتی ہے۔ آپ اس کے اکاؤنٹ پہ ایسی کئی ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں جن کے ویوز لاکھوں میں ہیں۔ یہ سوشل میڈیا پر بچوں کو ویڈیوز کا حصہ بنانے کے مختلف انداز ہیں۔ یہاں تک کہ تین چار سالہ بچے بھی تسلسل سے والدین کے ساتھ ویڈیوز کا حصہ بن رہے ہیں۔ گھر سے چلنے والی ڈیجیٹل فیکٹری: بچے بطور کانٹینٹ کری ایٹرز والدین بچوں کو سوشل میڈیا کانٹینٹ کا حصہ کیوں بناتے ہیں اور کیا وجوہات معاشی ہیں؟ ڈی ڈبلیو اردو سے بات کرتے ہوئے فہیم (فرضی نام) بتاتے ہیں کہ میری بیٹی نفسیاتی مسائل کی وجہ سے دوسروں کا سامنا کرنے سے کتراتی تھی۔ کسی کے مشورے پر میں نے دوسری بیٹی سے کہا کہ بہن کے ساتھ ویڈیوز بنایا کرو، جب لائیکس اور کمنٹس آئیں گے تو اس کا اعتماد بحال ہو گا۔ وہ کہتے ہیں، 'ایک دن بیٹیوں نے ویسے ہی میرے ساتھ ویڈیو بنا کر انسٹاگرام پر ڈال دی، اچھے ویوز آئے، کچھ عرصے بعد ٹک ٹاک پاپولر ہوا اور پتہ چلا کہ بہت پیسہ ملتا ہے تو ہم نے تسلسل سے مزاحیہ ویڈیوز اور بالی وڈ گیتوں پر ایکٹنگ شروع کر دی۔ اب ہمارے 4.5 ملین سے زیادہ ٹک ٹاک فالورز ہیں۔" انہوں نے اپنی آمدن نہیں بتائی مگر تسلیم کیا کہ معاشی اعتبار سے آسودہ زندگی گزار رہے ہیں۔ 'پہلے ایک پرانا سا موٹر سائیکل تھا، اب چالیس لاکھ کی گاڑی ہے، اور چاہوں تو ایسی دو گاڑیاں صبح خرید لوں۔" ان کے بقول یہ محض تفریح ہے، بچے اسکول جاتے ہیں۔ شروع میں کچھ رشتہ داروں نے اعتراض کیا کہ بیٹیاں 'نچوا' رہا ہے۔ 'مجھے پروا نہیں کوئی کیا کہتا ہے۔ میں اعتراض کرنے والے سب لوگوں سے زیادہ بہتر زندگی گزار رہا ہوں۔" بارہ سالہ امل مصطفی فیملی ویلاگز کرتی ہیں۔ ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے وہ کہتی ہیں، 'ٹھیک ہے میں اپنی عمر کے دوسروں بچوں سے مختلف ہوں، لیکن لاکھوں دیگر بچے جو چھوٹے ہوتے ہوئے باپ کے ساتھ دکان پر بیٹھ جاتے ہیں، کھیتوں میں کام کرتے ہیں، بھیک مانگتے ہیں، وہ بھی تو مزدوری کر رہے ہیں، وہ بھی تو ایک خاص طرز میں ڈھل جاتے ہیں۔ میں ان سے بہتر ہوں کہ جو کر رہی مجھے وہ اچھا بھی لگتا ہے اور پیسے بھی آتے ہیں۔" کیا روایتی چائلڈ لیبر اور ڈیجیٹل فیکٹریوں کے 'مزدوروں' میں کوئی فرق ہے؟ سماجی دانشور احمد اعجاز کا کہنا تھا، 'یہ موازنہ مناسب نہیں۔ جو بچہ دکان پر بیٹھتا ہے یا کھیتوں میں کام کرتا ہے، اس کا اپنے اردگرد کے ماحول، فطرت اور دوسرے انسانوں سے تعلق کسی نہ کسی صورت برقرار رہتا ہے۔ وہ اپنے جسمانی اور سماجی ماحول سے کٹ کر کسی دوسری دنیا کا ہو کر نہیں رہ جاتا۔ اس کے برعکس، ڈیجیٹل فیکٹریوں کے مزدور کھیل بھی وہ کھیلتے ہیں جو موبائل کی اسکرین پر موجود ہو۔ ان کی توجہ، وقت اور دلچسپی ایک محدود ڈیجیٹل ماحول میں سمٹنے لگتی ہے، جہاں محویت (Digital Immersion) کی شدت اور دورانیہ خطرناک ہے۔" وہ ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے تسلیم کرتے ہیں کہ ڈیجیٹل دنیا میں بہتر معیشت کے امکانات خاندانوں کو مجبور کر سکتے ہیں مگر ان کے بقول، 'الگورتھمز کا کھیل نشے جیسا ہے، اس لیے یہاں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔" کال سینٹر سے آن لائن کاروبار تک: ڈیجیٹل معیشت کے کم عمر ملازم آن کیمرہ سرگرمیوں کے علاوہ ڈیجیٹل معیشت کا ایک دوسرا رخ بھی ہے، جہاں کم عمر بچے کال سینٹرز، آن لائن شاپس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور کسٹمر سروس سمیت مختلف آن لائن کاروباروں میں کام کر رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے کراچی میں این سی سی آئی اے کے چھاپے کے دوران ایک کال سینٹر میں کم از کم 42 کم عمر لڑکے اور لڑکیوں کے کام کرنے کا انکشاف ہوا۔ ساہیوال کے محمد آصف نے بھی میٹرک میں ناکامی کے بعد کال سنٹر میں ملازمت سے آغاز کیا تھا۔ تب ان کی عمر 14 سال سے کم تھی۔ چار ماہ بعد وہ گھر بیٹھ کر آن لائن کام کرنے لگے۔ فائیور اور ایمیزون جیسے پلیٹ فارمز پر ان کا کام چل نکلا۔ وہ مالی اعتبار سے بہت بہتر زندگی گزار رہے ہیں مگر انہیں ایک قیمت بھی ادا کرنا پڑی۔ ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں، 'میں تین سال تک رات بھر اکیلا کمپیوٹر کے سامنے کام کرتا رہا۔ صبح گھر والے جاگتے تو میں سوتا اور شام چار پانچ بجے اٹھتا۔ اس دوران نہ دوست بنے، نہ انسانی تعلقات قائم ہو سکے۔ میں کسی فوڈ پوائنٹ پر جا کر کھانے کا آرڈر تک نہیں کر سکتا، اپنے لیے جوتے اور کپڑے خریدنے نہیں جا سکتا۔ میں ہنستا ہی نہیں ہوں۔" وہ کہتے ہیں، 'میرے اوپر اپنے خاندان کی مالی پریشانیوں کا پریشر تھا، تین برس تک ڈیجیٹل دنیا تک خود کو محدود کرنا میری غلطی تھی لیکن احساس دیر سے ہوا۔ اب میں ایک ماہر نفسیات سے سیشن لے رہا ہوں۔" تفریح یا مزدوری؟ ڈیجیٹل دنیا میں بچوں کے کام کی قانونی حیثیت کیا سوشل میڈیا کے لیے ویڈیوز بنانے والے بچے ڈیجیٹل چائلڈ لیبر ہیں؟ یا یہ محض تفریح اور خاندانی سرگرمی کی ایک شکل ہے؟ لیبر اور پرائیویسی لاز کے ماہر حیدر شاہ کہتے ہیں کہ بزنس ماڈل کی وجہ سے یہ بحث دنیا بھر میں ہو رہی ہے، یہاں تک کہ رواں برس یونیسیف نے فیملی ویلاگنگ اور بچوں کی کمرشل ویڈیوز کو مخصوص حالات میں چائلڈ لیبر میں شمار کیا ہے۔ وہ ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئےکہتے ہیں فرانس اور امریکہ کی بعض ریاستوں میں ایسے قوانین نافذ ہو چکے ہیں جہاں سولہ سال سے کم عمر بچوں کی ویڈیوز میں موجودگی سے ہونے والی آمدن کا ایک مخصوص حصہ ریاست یا نجی ٹرسٹ اکاؤنٹ میں محفوظ ہو جاتا ہے۔ اٹھارہ سال کی عمر کو پہنچنے کے بعد بچہ وہ رقم حاصل کرنے کا اہل ہوتا ہے۔ وہ کہتے ہیں، 'پاکستان میں بچوں کو غیر قانونی ملازمت سے بچانے کے لیے عمومی چائلڈ لیبر قوانین تو موجود ہیں، تاہم ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایشن اور ان سے کاروباری آمدنی حاصل کرنے اور بچے کی رضامندی اور پرائیویسی کے تحفظ کے حوالے سے قانونی فریم ورک موجود نہیں۔" ڈیجیٹل معیشت میں بچوں کے بچپن سے منافع کمانے کا رجحان بڑھ رہا ہے، لیکن اس منافع میں ان کا حق کیا ہے اور ان کے بچپن کے تحفظ کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے؟ پاکستان میں یہ سوالات اب بھی پالیسی سازوں کی توجہ کے منتظر ہیں۔ ادارت: جاوید اختر

