جاپان کے 'نحوست زدہ مکانات'، جہاں ماضی کے واقعات جائیدادوں کی قیمت گرا دیتے ہیں اور خریدار ان کا رخ کرنے سے کتراتے ہیں۔ ایسے میںاب 'بھوتوں کی چھان بین' اور 'بدروحوں سے چھٹکارے' کی سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔جاپان میں ایسے مکانات جن میں خودکشی، قتل، آتشزدگی کی وجہ سے ہلاکت یا تنہا رہنے والے شخص کی موت واقع ہوئی ہو، انہیں ''جیکو بُکّین'' یعنی نحوست والی جائیداد کہا جاتا ہے۔ جاپانی معاشرے میں موت کو اکثر نحوست اور ناپاکی سے جوڑا جاتا ہے، جس کی وجہ سے ایسی جائیدادوں کو فروخت یا کرائے پر دینا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔ جاپانی شہر یوکوہاما کے ایک جنوبی علاقے میں واقع دو منزلہ مکان گزشتہ کم از کم پانچ برس سے خالی پڑا ہے۔ اگرچہ معمولی مرمت کے بعد یہ دوبارہ رہائش کے قابل ہو سکتا ہے لیکن اس کا ماضی لوگوں کو وہاں رہنے سے روکے ہوئے ہے۔ موت کو نحوست سمجھا جاتا ہے خصوصی رئیل اسٹیٹ کمپنی کاچی موڈ کے صدر کازوتوشی کوڈاما کے مطابق جاپانی معاشرے میں موت سے متعلق گہری ثقافتی حساسیت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو میں کہا، ''جاپانی لوگ بعض اوقات موت کو ناپاکی اور بدقسمتی کی علامت سمجھتے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ موت کے قریب جانا یا اس سے وابستہ جگہ پر رہنا ان کے لیے بدقسمتی لا سکتا ہے۔'' ان کے مطابق یہی وجہ ہے کہ بہت سے لوگ ایسی جائیداد کے قریب جانے، اسے کرائے پر لینے یا خریدنے سے بھی گریز کرتے ہیں۔ قانونی طور پر ماضی بتانا ضروری جاپانی قانون کے تحت رئیل اسٹیٹ ایجنٹس پر لازم ہے کہ وہ خریدار یا کرایہ دار کو جائیداد کی ایسی تاریخ سے آگاہ کریں، جس میں خودکشی، قتل یا دیگر غیر معمولی اموات شامل ہوں۔ ملک میں ایک ویب سائٹ بھی موجود ہے جو ایسی تمام ''بدنام'' جائیدادوں کی فہرست اور ان کی وجوہات شائع کرتی ہے۔ کوڈاما کے مطابق بڑے شہروں میں ایسی جائیدادوں کا کرایہ تقریباً 30 فیصد تک کم کرنا پڑتا ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں یہ کمی 50 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا، ''بعض مکانات 500 دن تک خالی رہتے ہیں، جبکہ میں ایک ایسے مکان کو جانتا ہوں جو ایک ہزار دن سے بھی زیادہ عرصے تک خالی پڑا رہا۔ ایسے حالات میں صرف قیمت کم کرنا بھی مسئلے کا حل نہیں بنتا۔'' 'بھوتوں کی چھان بین' بھی کاروبار بن گئی کوڈاما کی کمپنی ایسی جائیدادوں کے لیے ''گھوسٹ انویسٹی گیشن'' یا ''بھوتوں کی چھان بین'' بھی کرتی ہے۔ اس عمل کے دوران ماہرین رات بھر مکان میں قیام کرتے ہیں اور ویڈیو و آڈیو ریکارڈنگ، برقی مقناطیسی لہروں، درجہ حرارت، نمی، فضائی دباؤ، تھرمل کیمروں اور دیگر سائنسی آلات کے ذریعے کسی غیر معمولی سرگرمی کا جائزہ لیتے ہیں۔ کوڈاما کا کہنا ہے، ''زیادہ تر معاملات میں جن چیزوں کو لوگ نحوست یا پراسرار واقعہ سمجھتے ہیں، ہم انہیں دوبارہ ثابت نہیں کر پاتے اور وہ محض ایک اتفاقی واقعہ نکلتا ہے۔ تاہم کچھ جائیدادیں ایسی بھی ہیں جہاں پراسرار واقعات ایک سال یا اس سے زیادہ عرصے تک مسلسل رپورٹ ہوتے رہتے ہیں۔'' ایک رات کی اس سروس کی فیس 88 ہزار ین (تقریباً 474 یورو) ہے، جس کے بعد کمپنی ایک تفصیلی رپورٹ جاری کرتی ہے تاکہ خریدار یا کرایہ دار کو یقین دلایا جا سکے کہ مکان میں کسی قسم کی ''بدروح''موجود نہیں۔ جاپان میں لاکھوں خالی مکانات جاپانی حکومت کے 2024 ء کے ایک سروے کے مطابق ملک میں تقریباً 90 لاکھ مکانات خالی پڑے ہیں، جو مجموعی رہائشی جائیداد کا 13.8 فیصد بنتے ہیں۔ خالی مکانات کی خرید و فروخت میں مدد دینے والی کمپنی اکیا مارٹ کے شریک بانی جوئی اسٹاکر مین کے مطابق جاپانی معاشرے میں توہم پرستی اب بھی ایک اہم عنصر ہے۔ انہوں نے کہا، ''جاپانی لوگ عمومی طور پر کافی توہم پرست ہیں۔ وہ ایسے گھروں میں رہنے سے ہچکچاتے ہیں جہاں کسی کی موت ہوئی ہو، حتیٰ کہ قبرستان کے قریب واقع مکانات بھی پسند نہیں کیے جاتے۔'' اکیا مارٹ نے حال ہی میں ایک نئی سروس متعارف کرائی ہے، جس کے تحت شنٹو مذہب کا ایک پجاری مکان میں جا کر خصوصی مذہبی رسم ادا کرتا ہے تاکہ اسے ''بدروحوں'' سے پاک قرار دیا جا سکے۔ اسٹاکر مین کے مطابق، ''یہ شاید کچھ لوگوں کو عجیب لگے، لیکن اس سروس میں لوگوں کی دلچسپی موجود ہے۔'' ترقی کرتا ہوا کاروبار کوڈاما کا ماننا ہے کہ مستقبل میں ایسی خدمات کی طلب میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا، ''جن گھروں میں پراسرار سرگرمیوں کی اطلاعات ملتی ہیں، وہی سب سے زیادہ نظرانداز کیے جاتے ہیں۔ انہیں فروخت یا کرائے پر دینا مشکل ضرور ہوتا ہے لیکن ہم مالکان کے ساتھ مل کر ان کے لیے بھی حل تلاش کرتے ہیں۔ میرے خیال میں اس شعبے میں بہت امکانات ہیں، کیونکہ ایسے لوگوں کی کمی نہیں جنہیں اس کی ضرورت ہے۔'' ادارت: عاطف توقیر

