
منڈلا میں خوفناک سڑک حادثہ: دو بائیکوں کی ٹکر میں تین نوجوان ہلاک، ایک شدید زخمی
منڈلا، 04 اپریل (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں تیز رفتاری کا قہر ایک بار پھر دیکھنے کو ملا۔ منڈلا ضلع میں نیشنل ہائی وے 30 پر جمعہ کی دیر رات دو موٹر سائیکلوں کی آمنے سامنے ہوئی خوفناک ٹکر میں تین نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ ایک نوجوان شدید طور پر زخمی ہو گیا۔ زخمی کا علاج اسپتال میں جاری ہے۔
معلومات کے مطابق یہ حادثہ منڈلا-رائے پور روڈ پر چارٹولا کے پاس ہلون باندھ روڈ پر ٹول پلازہ سے تقریباً دو کلومیٹر دور ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق، دونوں بائیکیں تیز رفتاری میں تھیں، جس کی وجہ سے ٹکر اتنی ہولناک تھی کہ بائیک کے پرخچے اڑ گئے اور سوار نوجوانوں کو سنبھلنے کا موقع تک نہیں ملا۔
حادثے میں کرنجیا مال کے رہائشی 36 سالہ جگدیش یادو، جو پیشے سے لائن مین تھے، کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ وہیں دوسری بائیک پر سوار مونیش مونگرے (30) اور سنکت داس ٹانڈیا (30) نے بھی جائے وقوعہ پر دم توڑ دیا۔ ایک اور نوجوان رام پرکاش اوئیکے شدید زخمی ہوا ہے، جسے فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
بچھیا تھانہ انچارج رنجیت سیام نے بتایا کہ واقعہ گڑھی تھانہ علاقے کا ہے۔ تمام متوفی بچھیا تھانہ علاقے کے رہائشی تھے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تفتیش شروع کر دی گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ تیز رفتاری اور لاپرواہی بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر بچھیا بھیج دیا ہے اور معاملے کی تفصیلی تحقیقات جاری ہے۔
اس دردناک حادثے نے تین خاندانوں کے چراغ بجھا دیے، جس سے پورے علاقے میں سوگ کا ماحول ہے۔ مسلسل ہونے والے سڑک حادثات کے درمیان ایک بار پھر تیز رفتاری اور سڑک کی حفاظت کو لے کر سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن

