Dailyhunt

چھتیس گڑھ کے سرگوجا ضلع میں سنٹرل کوآپریٹیو بینک میں کروڑوں کے گھپلے کی تحقیقات ای ڈی نے شروع کردی۔

امبیکاپور/رائے پور، 5 مئی (ہ س)۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے چھتیس گڑھ کے سرگوجا ضلع میں ڈسٹرکٹ سنٹرل کوآپریٹیو بینک کی مختلف شاخوں میں ہونے والے کروڑوں روپے کے گھپلے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ مئی 2025 میں ایک آڈٹ کے دوران اس گھوٹالے کا پردہ فاش ہوا، جس کے بعد 31 مئی 2025 کو بینک مینیجر سمیت چار سینئر افسران کو برطرف کر دیا گیا۔

ہفتہ کو، بینک کے سی ای او نے باضابطہ طور پر اس بات کی تصدیق کی کہ اس گھوٹالے سے متعلق تمام اہم دستاویزات ای ڈی ٹیم کے حوالے کر دیے گئے ہیں اور منی لانڈرنگ کی سرکاری تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ جون 2025 میں اس وقت کے کلکٹر ولاس بھوسکر نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پرنسپل سکریٹری کو خط لکھ کر ریاستی حکومت کے ذریعے ای ڈی اور سی بی آئی سے جانچ کرانے کی درخواست کی تھی۔ کلکٹر کی رپورٹ اور سفارش کی بنیاد پر، چھتیس گڑھ ریاستی حکومت نے تحقیقات کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو باضابطہ طور پر ایک خط بھیجا ۔ ریاستی حکومت کی درخواست پر، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے تحقیقات کے لیے اپنی منظوری دے دی، اور رائے پور کے علاقائی دفتر کو اب مکمل فائلیں موصول ہو گئی ہیں۔ 4 مئی 2026 کو سرگوجا کوآپریٹیو بینک گھوٹالے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، ای ڈی نے اب اس کیس کی مکمل ذمہ داری سنبھال لی ہے۔

ایجنسی اب بنیادی طور پر منی لانڈرنگ کے زاویے کی تحقیقات کر رہی ہے کہ غبن شدہ 28 کروڑ روپے کہاں لگائے گئے اور اسے کن اثاثوں میں تبدیل کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔ جاری بڑے گھوٹالے کے درمیان، سرگوجا میں کیرجو کوآپریٹیو سوسائٹی میں ایک اور نیا فراڈ سامنے آیا ہے۔ یہاں، 127 کسانوں کے ناموں پر جعلی دستخطوں کا استعمال کرتے ہوئے کل 1.93 کروڑ روپے کے قرض لیے گئے۔

بینک گھوٹالہ تقریباً ایک سال پہلے اس وقت منظر عام پر آیا جب اس وقت کے سرگوجا کلکٹر ولاس بھوسکر نے شنکر گڑھ اور کسمی شاخوں کے کھاتوں کے آڈٹ کا حکم دیا۔ تحقیقات میں تقریباً 28 کروڑ روپے کی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق شنکر گڑھ برانچ کے منیجر اشوک کمار سونی نے جعلی اکاونٹس کھول کر بڑی رقم کا غبن کیا۔ ان جعلی اکاو¿نٹس سے نقد رقم نکلوائی گئی اور متعدد آن لائن منتقلی بھی کی گئی۔ اس گھوٹالے میں کسانوں کے کے سی سی فنڈز، منریگا اکاو¿نٹس، اور گرام پنچایت فنڈز کا غلط استعمال کیا گیا۔

اس معاملے میں بینک حکام اور ملازمین کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی، پولس نے پہلے ہی بینک منیجر اشوک سونی سمیت 12 لوگوں کو گرفتار کیا تھا۔ ان میں سے 4 بینک افسران کو برطرف کر دیا گیا ہے، جبکہ 3 ملازمین اس گھوٹالے کے سامنے آنے سے پہلے ہی سبکدوش ہو چکے تھے۔

کوآپریٹیو بینک کے سی ای او شری کانت چندراکر نے کہا کہ ای ڈی کی ٹیم ابھی تک سرگوجا نہیں آئی ہے، لیکن انہوں نے جانچ سے متعلق تمام رپورٹیں ہفتہ کو بھیج دی ہیں۔

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu