
نئی دہلی، 5 مئی (ہ س)۔ ہندوستان اور جاپان کے درمیان صحت کی مشترکہ کمیٹی (جے سی ایم) کی تیسری میٹنگ منگل کو بھارت منڈپم میں ہوئی۔ مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر جگت پرکاش نڈا اور جاپان کی وزیر صحت کیمی اونودا نے مشترکہ طور پر میٹنگ کی صدارت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر جے پی نڈا نے کہا کہ یہ میٹنگ صحت کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے اور نئی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے باہمی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
نڈا نے ہندوستان اور جاپان کے درمیان کثیر جہتی تعلقات کا ذکر کیا، جو ایک صدی سے زیادہ عرصے سے مختلف شعبوں میں تعاون پر مبنی ہے، اور "سب کا ساتھ، سب کا وکاس" کے رہنما اصول کے تحت جامع ترقی کے لیے ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ کمیٹی کا اجلاس صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔
میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے، جاپان کیصحت کی پالیسی کی انچارج وزیر کیمی اونودا نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے اختراع ، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے ذریعے صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں تعاون کو آگے بڑھانے میں جاپان کی مسلسل شمولیت پر زور دیا۔ اس کے ساتھ ہی دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر مرکزی صحت سکریٹری پنیہ سلیلا سریواستو نے وفد کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ہندوستان اور جاپان کے درمیان شراکت داری باہمی احترام، اعتماد اور مستقبل کے لیے مشترکہ وژن پر مبنی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان-جاپان کے مابین یادداشت تعاون کے تحت منعقدہ مشترکہ کمیٹی کی میٹنگ اس شراکت داری کو باقاعدہ بات چیت کے ذریعے آگے بڑھانے اور باہمی مفاہمت کو گہرا کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوئی ہے اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ بات چیت تعمیری اور مستقبل کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات کا باعث بنے گی۔
مشترکہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کی گئیں اور اہم ترجیحی شعبوں پر بات چیت کی گئی۔اس میں غیر متعدی امراض (این سی ڈی ) کی روک تھام، تشخیص، علاج اور بحالی شامل ہے۔ جاپانی مندوبین نے باہم مربوط نظاموں کے ذریعے ڈیجیٹلائزیشن کو آگے بڑھانے، ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم، اے آئی سے چلنے والی طبی ٹیکنالوجی اور تحقیق میں تعاون میں اپنے تجربات کا اشتراک کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد

