
متھرا، 5 مئی (ہ س)۔ اتر پردیش کے متھرا ضلع کے رایا تھانہ کے تحت بیچ پوری چوکی علاقے میں منگل کی دوپہر کو ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ ہاتھرس روڈ پر پی کے کالج کے گیٹ سے بے ٹکرا کر ایک بے قابو کینٹر الٹ گیا جس سے ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
یہ واقعہ منگل کی دوپہر 12 بجے کے قریب پیش آیا۔ ایک پوسٹل سروس کینٹر (نمبر یو پی 16 ایس ٹی 0355) رایا-ہاتھرس روڈ پر برہنہ گاو ¿ں کے قریب سے گزر رہا تھا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ کینٹر تیز رفتاری سے جا رہا تھا۔ اچانک توازن کھو نے کی وجہ سے گاڑی سڑک سے نیچے اتر گئی اور پی کے کالج کے مین گیٹ سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی بیچ پوری چوکی کے انچارج بیریندر کمار پولیس کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ مقامی لوگوں کی مدد سے پولیس نے کینٹر کے نیچے پھنسے ڈرائیور کو باہر نکالا لیکن تب تک وہ دم توڑ چکا تھا۔
چوکی انچارج بیریندر کمار نے بتایا کہ حادثے میں ڈرائیور کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ضلع اسپتال بھیج دیا گیا۔ فی الحال متوفی ڈرائیور کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں تاکہ اس کے اہل خانہ کو اطلاع دی جاسکے۔ پولیس نے کرین کی مدد سے حادثے کا شکار ہوئی گاڑی کو سڑک سے ہٹا کر ٹریفک کو بحال کر دیا ہے ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد

