
کھڑگپور، 5 مئی (ہ س)۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے توقع کے مطابق کامیابی حاصل کی ہے۔لوگوں نے بی جے پی کو بہت آشیرواد دیا ہے۔ یہ بات بی جے پی لیڈر دلیپ گھوش نے منگل کی صبح کھڑگ پور اسٹیشن کے قریب چائے پے چرچاکے دوران کہی۔ انتخاب جیتنے کے بعد، دلیپ گھوش سے جب بی جے پی کی نئی حکومت میں ان کے کردار کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ پارٹی نے انہیں ٹکٹ دیا تھا اور انہوں نے الیکشن لڑا۔ اب پارٹی انہیں جو بھی ذمہ داری دے گی، وہ قبول کریں گے۔
مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی زبردست جیت کے درمیان، بی جے پی لیڈر دلیپ گھوش ایک بار پھر کھڑگ پور صدر سیٹ سے ایم ایل اے منتخب ہوئے ہیں ۔ انہوں نے ترنمول کانگریس کے امیدوار پردیپ سرکار کو 30ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی۔ دلیپ گھوش تقریباً دس سال بعد دوبارہ ایم ایل اے منتخب ہوئے ہیں۔
منگل کی صبح کھڑگپور میں مارننگ واک کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے دلیپ گھوش نے کہا کہ مغربی بنگال کے عوام نے ترنمول کانگریس کی حکومت کو کافی وقت دیا۔ لوگوں نے مظالم برداشت کرتے ہوئے بھی انہیں تقریباً 15 سال تک موقع دیا لیکن اس بار عوام نے تبدیلی کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب بائیں محاذ کی حکومت گئی تھی ، تب بھی کئی بڑے لیڈر الیکشن ہار گئے تھے۔ قابل ذکر ہے کہ ریاست کی 293 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹوں کی گنتی پیر کو ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق بی جے پی نے 207 سیٹیں جیتی ہیں۔ ترنمول کانگریس 80 سیٹوں پر سمٹ کر رہ گئی ہے۔ اس دوران کانگریس نے دو اور سی پی آئی (ایم) نے ایک سیٹ جیت لی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد

