
نوئیڈا، 16 مئی (ہ س)۔ تھانہ بسرکھ علاقے کے شاہ بیری فرنیچر مارکیٹ میں جمعہ کی دیر رات کو بھیانک آگ لگ گئی۔ موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی 30 گاڑیوں نے تقریباً ایک گھنٹے کی سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ اس واقعے میں آٹھ دکانیں جل کر خاک ہو گئیں، جبکہ 15 سے 20 دکانوں کو جلنے سے بچا لیا گیا۔ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
چیف فائر آفیسر پردیپ کمار چوبے نے بتایا کہ جمعہ کی دیر رات کو فائر بریگیڈ کو اطلاع ملی کہ شاہ بیری گاوں کی فرنیچر مارکیٹ میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آگ ایک پولی تھین والی دکان میں لگی تھی۔
دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے خوفناک شکل اختیار کر لی۔ انہوں نے بتایا کہ آس پاس کی آٹھ دکانوں کو آگ نے اپنی زد میں لے لیا۔ فرنیچر مارکیٹ میں تھنر، پینٹ اور وارنش کا استعمال ہوتا ہے، اس لیے آگ نے تیزی سے پھیلنا شروع کیا۔ موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی 30 گاڑیوں نے ایک گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔
انہوں نے بتایا کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ فائر فائٹرز اور سول پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے وہاں واقع 15 سے 20 دکانوں کو جلنے سے بچا لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جہاں پر آگ لگی تھی وہ کافی گنجان (کنجسٹڈ) علاقہ ہے۔ اس علاقے میں ٹریفک کا کافی دباو رہتا ہے۔ پولیس نے ٹریفک کو ڈائیورٹ کر کے موقع پر فائر کی گاڑیوں کو بھیجا جس کی وجہ سے آگ بجھانے میں کامیابی ملی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن

