Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
ایمس جموں نے پیچیدہ آپریشن کرکے مریض کی بینائی بحال کی

ایمس جموں نے پیچیدہ آپریشن کرکے مریض کی بینائی بحال کی

جموں، 16 مئی (ہ س)۔ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس کے شعبہ چشم نے ایک پیچیدہ اور کامیاب آپریشن انجام دیتے ہوئے ایک مریض کی بینائی بحال کر دی۔ مریض باغبانی کے دوران زخمی ہوگیا تھا جب گھاس کاٹتے وقت لوہے کی درانتی کا ایک ٹکڑا اس کی آنکھ میں جا لگا۔ ترجمان کے مطابق مریض کو فوری طور پر ایمس جموں منتقل کیا گیا جہاں طبی معائنے میں قرنیہ میں سوراخ، ٹرامیٹک موتیا اور آنکھ کے اندر دھاتی ٹکڑے کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔ بعد ازاں الٹراساؤنڈ بی اسکین اور سی ٹی اسکین سے معلوم ہوا کہ تقریباً پانچ ملی میٹر کا دھاتی ٹکڑا آنکھ کے پچھلے حصے میں پھنسا ہوا ہے۔

شعبہ چشم کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ردھم نندا اور ان کی ٹیم نے جدید مائیکرو سرجری کے ذریعے دھاتی ٹکڑا کامیابی سے نکال دیا۔ اس دوران پارس پلانا لینسیکٹومی، وٹریکٹومی اور اینڈولیزر فوٹوکوگولیشن جیسے جدید طریقہ علاج استعمال کیے گئے۔ سرجری میں ڈاکٹر اسما جبین اور ڈاکٹر شیفالی ورما نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق مریض کی حالت بہتر ہے اور اس کی بینائی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

شعبہ چشم کی قائم مقام سربراہ ڈاکٹر بھوانی رینا نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ خطے میں جدید طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر و سی ای او پروفیسر ڈاکٹر ڈی این شرما نے بھی اس کامیاب سرجری پر شعبہ چشم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی جدید طبی خدمات سے مریضوں کو باہر کے اسپتالوں میں ریفر کرنے کی ضرورت کم ہوگی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu