جموں، 16 مئی (ہ س)۔ جموں ضلع کے اکھنور علاقے میں ہفتہ کی علی الصبح ایک بھیانک آتشزدگی کے واقعے میں تین دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں، جس کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان تباہ ہوگیا۔ سرکاری ذرائع اور مقامی لوگوں کے مطابق آگ نے دو ہارڈویئر دکانوں اور ایک مٹھائی کی دکان کو اپنی زد میں لے لیا، جس سے دکانوں میں موجود تمام سامان، فرنیچر اور دیگر اشیاء مکمل طور پر جل گئیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور پورا بازار دھوئیں کی لپیٹ میں آگیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی لوگوں اور دکانداروں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کوشش کی، تاہم بعد میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی ٹیموں نے کارروائی شروع کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا اور اسے قریبی عمارتوں تک پھیلنے سے روک دیا۔
حکام کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم دکانوں میں رکھا تجارتی سامان اور دیگر قیمتی اشیاء مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ آگ لگنے کی اصل وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی، جبکہ متعلقہ حکام نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر
