
اندور، 16 مئی (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے اندور ضلع کے دھار روڈ پر واقع ''ڈیو ڈراپ اریگیشن'' نامی پلاسٹک دانہ بنانے والی فیکٹری میں ہفتہ کی صبح تقریباً 7 بجے اچانک خوفناک آگ لگ گئی۔ آگ اتنی خوفناک تھی کہ اس سے نکلنے والے کالے دھوئیں کے بادل کئی کلومیٹر دور سے ہی صاف نظر آ رہے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور آگ بجھانا شروع کیا۔
حادثے کی سنگینی کے پیشِ نظر میونسپل کارپوریشن کمشنر کستج سنگھل سمیت پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی فوراً موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ احتیاط کے طور پر فیکٹری کے آس پاس کے پورے علاقے کو خالی کرا لیا گیا ہے تاکہ کوئی جانی نقصان نہ ہو۔ راحت کی بات یہ رہی کہ آج اماوس ہونے کی وجہ سے فیکٹری میں مزدور نہیں آئے تھے۔ فیکٹری مالک محمد جاوید قریشی نے بتایا کہ کارخانے میں دن رات کی شفٹوں میں تقریباً 30 سے 35 لوگ کام کرتے ہیں، لیکن چھٹی ہونے کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ مالک کے مطابق، آگ احاطے میں لگی ڈی پی میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی، جس نے وہاں رکھے پلاسٹک دانے کے باعث دیکھتے ہی دیکھتے خوفناک شکل اختیار کر لیا۔
آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 7 گاڑیاں گزشتہ 4 گھنٹوں سے مسلسل مشقت کر رہی ہیں، جس میں اب تک 35 ٹینکروں سے زیادہ پانی اور خصوصی فوم کا استعمال کیا جا چکا ہے۔ آر آر سی اے ٹی کے ڈپٹی فائر آفیسر اجے کمار نے بتایا کہ موقع پر پانی کا کوئی براہِ راست ذریعہ نہیں ہونے کی وجہ سے آگ بجھانے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس لیے بیرونی ٹینکروں سے فائر کی گاڑیوں کو ری فل کیا جا رہا ہے۔ مقامی سطح پر شری رام تراولی کے سرپنچ جتیندر چودھری اور گاوں والوں نے بھی اپنے ٹیوب ویل سے پانی فراہم کر کے مدد کی۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے جدید فائر فائٹنگ روبوٹ اور پوکلین مشینوں کو بھی کام پر لگایا گیا ہے۔ فائر فائٹرز فیکٹری کے ٹین شیڈ اور ملبے کو ہٹا کر پانی ڈال رہے ہیں، کیونکہ فی الحال فیکٹری کے اندر داخل ہونا ممکن نہیں ہے۔ حکام کے مطابق آگ پر مکمل قابو پانے میں ابھی دو سے تین گھنٹے کا وقت مزید لگ سکتا ہے۔
اس واقعے کے دوران قریب ہی واقع دلیپ کی ہربل پروڈکٹ فیکٹری پر بھی خطرہ منڈلا رہا ہے، جس سے متصل ہونے کی وجہ سے آگ پھیلنے کا خوف برقرار ہے۔ واقعے میں فیکٹری کے اندر رکھا لاکھوں کا سامان جل کر خاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ کارپوریشن کمشنر کستج سنگھل نے کہا کہ صورتحال کو جلد ہی پوری طرح کنٹرول کر لیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے تمام فیکٹری مالکان کو سخت ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے کارخانوں میں آگ پر قابو پانے کے پختہ انتظامات لازمی طور پر رکھیں۔ فی الحال آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی ٹیم مصروف ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن

