
دِشا کمیٹی اجلاس میں ترقیاتی کاموں اور اسکیموں کا جائزہ لیا گیا، ڈی کے ارونا کی ہدایاتحیدرآباد، 16 مئی (ہ س)۔ نارائن پیٹ ضلع کلکٹردفترمیں ضلع ترقیاتی رابطہ و نگرانی کمیٹی (دِشا) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت رکن پارلیمان و دِشا کمیٹی چیئرپرسن ڈی کے ارونا نے کی۔ اجلاس میں ضلع کلکٹرسی ایچ پرینکا، مختلف سرکاری محکموں کے افسران اورعوامی نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں اور مرکزی و ریاستی حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں کے نفاذ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈی کے ارونا نے کہا کہ حکومت کی فلاحی اسکیمات کا حقیقی مقصد اسی وقت پورا ہوگا جب ان کے فوائد مستحق افراد تک پہنچیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ عوام میں سرکاری اسکیمات سے متعلق بیداری پیدا کی جائے اور زیر التواء ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فلاحی پروجیکٹوں کے نفاذ میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایم پی نے اس بات پرتشویش ظاہر کی کہ ضلع کے کئی گاؤں میں اب تک گرام پنچایت عمارتیں موجود نہیں ہیں جبکہ متعدد آنگن واڑی مراکزکرائے کی عمارتوں میں چل رہے ہیں۔ انہوں نے ان مراکز کے لیے مستقل عمارتوں کی منظوری کوترجیح دینے پرزوردیا۔ انہوں نے سابق سرپنچوں کی جانب سے انجام دیے گئے ترقیاتی کاموں کے بقایا بل فوری جاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح کو سیاست سے بالاتر رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے پشو پالن محکمہ کے تحت پولٹری، گائے اور بھیڑ بکریوں کی پرورش سے متعلق مرکزی سبسڈی اسکیموں پر عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اندرامّا ہاؤسنگ اسکیم کے تحت مستحقین کے انتخاب پر سوال اٹھاتے ہوئے ڈی کے ارونا نے کہا کہ اہل افراد کو سیاسی بنیادوں پر فہرست سے خارج کرنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکیمات غریب عوام کی فلاح کے لیے ہوتی ہیں اور حقیقی مستحقین کو ہی ان سے فائدہ پہنچنا چاہیے۔ اجلاس میں پردھان منتری سڑک یوجنا کے تحت جاری سڑکوں کے کاموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایم پی نے ضلع کے پرائمری ہیلتھ سنٹروں میں ڈاکٹروں کی کمی پر ناراضگی ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ نصف عملے کے ساتھ طبی خدمات فراہم کی جارہی ہیں، جو تشویشناک ہے۔ اجلاس کے دوران ڈی کے ارونا نے ضلع میں غیر قانونی ریت کی نقل و حمل کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اجلاس میں مختلف ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق

