
شہڈول، 16 مئی (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے شہڈول ضلع کے بیوہاری تھانہ علاقے میں ہفتہ کو ہوئے دردناک سڑک حادثے میں بائیک سوار تین افراد کی موت ہو گئی۔ یہاں مانپور روڈ پر واقع بیڈرا گاوں کے پاس تیز رفتار کار اور موٹر سائیکل کے درمیان آمنے سامنے کی زوردار ٹکر ہو گئی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ بائیک سوار دو نوجوانوں اور ایک لڑکی نے اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ دیا۔ وہیں کار سوار ایک شخص زخمی بتایا جا رہا ہے۔
معلومات کے مطابق، بائیک سوار تینوں نوجوان اور لڑکی کسی کام سے جا رہے تھے۔ اسی دوران بیڈرا گاوں کے پاس سامنے سے آنے والی تیز رفتار کار نے بائیک کو زوردار ٹکر مار دی۔ ٹکر لگتے ہی بائیک سوار سڑک پر دور جا گرے اور شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد موقع پر افراتفری مچ گئی اور آس پاس کےگاوں والے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ مقامی لوگوں نے واقعے کی اطلاع بیوہاری پولیس کو دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال بھجوایا گیا، لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد تینوں کو مردہ قرار دے دیا۔
پولیس کے مطابق، حادثے میں جان گنوانے والے تینوں افراد بیوہاری تھانہ علاقے کے بھنی گاوں کے رہائشی بتائے جا رہے ہیں۔ تاہم خبر لکھے جانے تک مہلوکین کے ناموں کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ پنچنامہ اور دیگر ضابطے پورے ہونے کے بعد ناموں کی تصدیق کی جائے گی۔
ابتدائی جانچ میں تیز رفتاری کو حادثے کی اہم وجہ مانا جا رہا ہے۔ پولیس نے حادثے کا شکار ہونے والی کار اور تباہ شدہ موٹر سائیکل کو قبضے میں لے کر جانچ شروع کر دی ہے۔ حادثے کی خبر ملتے ہی مہلوکین کے اہل خانہ اسپتال پہنچ گئے۔ واقعے کے بعد پورے علاقے میں سوگ کا ماحول ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن

