
علی گڑھ، 16 مئی (ہ س)۔
پیٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں کیے گئے اضافے کے خلاف سنیچر کو سابق رکن اسمبلی وویک بنسل کی قیادت میں علی گڑھ ضلع و شہر کانگریس کمیٹی کی جانب سے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ کانگریس کارکنان نے میرس روڈ سے جلوس نکالتے ہوئے سینٹر پوائنٹ چوراہے تک مارچ کیا، جہاں بھاری پولیس فورس نے انہیں روک لیا۔ اس کے بعد کانگریس کارکن سینٹر پوائنٹ پر ہی دھرنے پر بیٹھ گئے اور بی جے پی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے وویک بنسل نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تین روپے کے اضافے نے پہلے سے مہنگائی کی مار جھیل رہی عوام کی مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خورد و نوش کی اشیاء سے لے کر ٹرانسپورٹ تک ہر چیز مہنگی ہوتی جا رہی ہے، جس کا براہ راست اثر غریب اور متوسط طبقے پر پڑ رہا ہے۔وویک بنسل نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں گزشتہ کئی مہینوں سے جنگ جیسے حالات بنے ہوئے تھے، لیکن اسمبلی انتخابات کے دوران حکومت نے سیاسی فائدے کے لیے پیٹرول-ڈیزل کی قیمتیں نہیں بڑھائیں۔ انتخابات ختم ہوتے ہی عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال دیا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت کے فیصلے عوامی مفاد میں نہیں بلکہ سیاسی فائدے کو سامنے رکھ کر کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے وزیر اعظم پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عوام کو پیٹرول-ڈیزل کی کھپت کم کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے، جبکہ دوسری طرف سرکاری پروگراموں اور انتخابی روڈ شوز میں سیکڑوں گاڑیوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب اس دوہرے معیار کو اچھی طرح سمجھ چکی ہے۔ کانگریس ضلع صدر ٹھاکر سومویر سنگھ اور شہر صدر نوید خان نے بھی بی جے پی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ اگر پیٹرول-ڈیزل کی قیمتیں واپس نہیں لی گئیں تو کانگریس سڑک سے لے کر ایوان تک بڑا احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی۔
احتجاج کے دوران کانگریس کارکنان نے مرکز اور ریاستی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف عوامی مسائل کو اٹھایا۔
اس موقع پر کانگریس کے متعدد سینئر لیڈران، عہدیداران اور بڑی تعداد میں کارکنان موجود رہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ

