
علی گڑھ، 16 مئی (ہ س)۔
جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے اساتذہ نے 13 سے 15 مئی تک آن لائن منعقد ہونے والی انٹرنیشنل کانفرنس آن پبلک ہیلتھ انوویشنزاینڈ سسٹینیبل ڈیولپمنٹ گولز (آئی سی پی ایچ آئی-ایس ڈی جی2026) میں نمایاں اعزازات حاصل کیے۔ شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی فیکلٹی ممبر پروفیسر سائرہ مہناز کو ان کے مقالہ ''نو عمر لڑکیوں میں غذائی عادات، ماہواری سے متعلق آگہی اور اسکول پر مبنی بیہیویئر چینج کمیونیکیشن کے کردار کا معیاری تجزیہ'' کے لئے سیشن بیسٹ پرزنٹر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان کی تحقیق میں نو عمر لڑکیوں کی صحت سے متعلق رویوں، غذائی عادات اور ماہواری سے متعلق بیداری کا تجزیہ کیا گیا تھا۔
شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد یاسر زبیر کو ان کی پیشکش ''غیر متعدی امراض کے بوجھ کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا: ہندوستان اور دیگر ممالک میں شواہد، پالیسی اور ایس ڈی جی 3.4 کے تقاضوں کے درمیان ربط'' پر اوور آل بیسٹ پرزنٹر ایوارڈ اور سیشن بیسٹ پرزنٹر ایوارڈ دونوں سے نوازا گیا۔ انھوں نے اپنے مقالے میں پائیدار ترقیاتی ہدف 3.4 کے مطابق غیر متعدی امراض سے نمٹنے کے لیے شواہد پر مبنی پالیسی اقدامات کو اجاگر کیا۔
ڈاکٹر یاسر نے پروفیسر سائرہ مہناز کی رہنمائی کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ شعبہ کی چیئرپرسن پروفیسر عظمیٰ ارم نے دونوں اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دستیابیاں شعبے میں جاری صحت عامہ سے متعلق اعلیٰ معیار کی تحقیق کی عکاس ہیں اور ادارے کے لیے باعث فخر ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ

