
علی گڑھ، 16 مئی (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ،کشن گنج سینٹر، بہار کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن میں سالانہ تقسیم انعامات تقریب ''بزمِ معیار2026'' اور ہال ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔
اے ایم یو کشن گنج سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد طارق نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے سالانہ ہال ہفتہ کے دوران طلبہ کے ڈسپلن، لگن اور جوش و خروش کی ستائش کی۔ اس موقع پر انہوں نے پلیسمنٹ بروشر کا بھی اجرا کیا۔ اے ایم یو کے سابق طالب علم، ماتا گجری میموریل میڈیکل کالج، کشن گنج کے ڈاکٹر سید محمد فراز کریم اور امپیکٹ گلوبل آرکیٹیکٹس، کشن گنج کے جناب محمد شاہ فیروز نے بھی پروگرام میں شرکت کی اور اپنے قیمتی کلمات سے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور ان کی رہنمائی کی ۔
تقریب میں فیکلٹی ممبرز ڈاکٹر فیض محمد، ڈاکٹر زیبا ناز، ڈاکٹر محمد عاصم، ڈاکٹر یاسر امام، جناب اقرب اللہ خان اور جناب محمد حسنات عالم کی عزت افزائی کی گئی۔ ہال ہفتہ کی سرگرمیوں کے دوران نمایاں کارکردگی پر طلبہ، کوآرڈینیٹرز، رضاکاروں اور ہال کمیٹی کے عہدیداران میں انعامات اور اسناد تقسیم کئے گئے۔ سینئر ہاؤس ممبران اور ہال کمیٹی کے عہدیداران کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ ڈاکٹر زیبا ناز، وارڈن گرلز ہاسٹل، اور ڈاکٹر محمد عاصم، وارڈن بوائز ہاسٹل نے پروگرام کو مربوط کیا، جب کہ ڈاکٹر محمد عاصم نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ

