Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
وزیراعظم مودی کا نیدرلینڈز کا دورہ مکمل، آج سویڈن پہنچیں گے

وزیراعظم مودی کا نیدرلینڈز کا دورہ مکمل، آج سویڈن پہنچیں گے

اسٹاک ہوم/ دی ہیگ، 17 مئی (ہ س)۔ وزیراعظم نریندر مودی یورپ اور مغربی ایشیا کے پانچ ملکوں کے دورے کے تیسرے مرحلے میں آج سویڈن پہنچیں گے۔ سرکاری پروگرام کے مطابق، وہ سویڈن کے شہر گوتھن برگ میں دو دن قیام کریں گے۔ سویڈن کے اس دورے کے دوران وزیراعظم مودی اپنے ہم منصب الف کرسٹرسن کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کریں گے۔ اس دورے کا مرکزی محور ہندوستان-سویڈن دو طرفہ تعلقات کو ٹیکنالوجی پر مبنی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا، گرین ٹرانزیشن، ڈیجیٹل اختراع اور دفاعی ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔

سویڈن کے اخبار ''سویڈن ہیرالڈ'' کے مطابق، وزیراعظم الف کرسٹرسن نے بتایا کہ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی 17 اور 18 مئی تک گوتھن برگ میں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں برپا ہلچل کے مد نظر یہ ان کے دورے کا بالکل صحیح وقت ہے۔ سویڈش وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستانی وزیراعظم کے ساتھ ان کی دو طرفہ بات چیت بھی ہوگی۔ اس مذاکراتی عمل میں اقتصادی اور تجارتی معاملات ترجیحی بنیادوں پر مرکزِ نگاہ ہوں گے۔ سویڈن کی حکومت ہندوستان کو سویڈش کمپنیوں کے لیے سب سے اہم مارکیٹ مانتی ہے۔

سویڈن کے وزیراعظم نے کہا کہ ان سب کی بنیاد یورپی یونین کا آزاد تجارتی معاہدہ ہی ہے۔ یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین بھی گوتھن برگ میں نریندر مودی سے ملاقات کریں گی۔ 2018 کے بعد سویڈن کا مودی کا یہ پہلا دورہ ہے۔ 19 مئی کو وزیراعظم مودی اوسلو میں ہندوستان-نارڈک سربراہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

دریں اثنا، وزیراعظم مودی نے دورۂ نیدرلینڈز کی یادوں کو لفظی تصویروں کے ذریعے ''ایکس'' پر مشترک کیا ہے۔ انہوں نے لکھا، ''ہندوستانی تارکینِ وطن کی برادری ہندوستان-نیدرلینڈز شراکت داری کا ایک متحرک پل ہے۔ سورینامی ہندوستانی برادری کے لیے او سی آئی کارڈ کی اہلیت کو چوتھی نسل سے بڑھا کر چھٹی نسل تک کرنے کے ہمارے فیصلے کا، نیدرلینڈز میں رہنے والی تارکینِ وطن برادری کی جانب سے پورے جوش و خروش کے ساتھ خیر مقدم کیا گیا ہے!''

دوسری پوسٹ میں انہوں نے لکھا، ''وزیراعظم روب جیٹن کے ساتھ میری بات چیت کافی تفصیلی رہی اور اس میں کئی موضوعات پر تبادلۂ خیال ہوا۔ ان میں سے ایک موضوع دفاع اور سلامتی بھی تھا۔ میں نے دفاعی صنعت کے لیے جلد از جلد ایک ایکشن پلان تیار کرنے کے امکان پر بات کی۔ ہم خلائی سفر، سمندری نظام اور سمندری سلامتی جیسے شعبوں میں بھی تعاون کر سکتے ہیں۔''

وزیراعظم مودی نے لکھا، ''اقتصادی تعاون ہندوستان اور نیدرلینڈز کے درمیان دوستی کا ایک اہم ستون ہے۔ ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ لامحدود مواقع فراہم کرتا ہے۔ فن ٹیک، اہم معدنیات، سیمی کنڈکٹر، گرین ہائیڈروجن اور اے آئی جیسے شعبوں میں تعاون کے بے پناہ امکانات ہیں۔ ہم نے ثقافتی تعاون اور تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر بھی بات چیت کی۔''

وزیراعظم مودی نے لکھا، ''شکریہ وزیراعظم روب جیٹن۔ مجھے نیدرلینڈز میں یہاں آ کر بہت خوشی ہو رہی ہے، جس کا مقصد ہمارے دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ گزشتہ 10 سال میں ہندوستان اور نیدرلینڈز کے درمیان شراکت داری نے زبردست ترقی کی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اس میں مزید تعاون کریں، تاکہ ہمارے دونوں ملکوں کے لوگوں کو اس کا فائدہ مل سکے۔ یہ ٹھوس اور اہم نتائج ہیں، جو ہندوستان اور نیدرلینڈز کے درمیان دوستی کو بے مثال رفتار فراہم کریں گے۔ یہ نتائج کئی شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں اور ہماری قوموں کے لیے ترقی و خوشحالی کو فروغ دیں گے۔''

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu