Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
شملہ میں گہری کھائی میں گری کار، باپ بیٹی کی موت، بیٹے سمیت دو زخمی

شملہ میں گہری کھائی میں گری کار، باپ بیٹی کی موت، بیٹے سمیت دو زخمی

شملہ، 17 مئی (ہ س)۔ شملہ ضلع کے ننکھڑی علاقے میں ہفتہ کی دیر رات ایک سڑک حادثے میں باپ اور ان کی بیٹی کی موت ہو گئی، جبکہ متوفی کا بیٹا اور کار ڈرائیور شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ ننکھڑی-پونن روڈ پر ننکھڑی چوک سے آگے جنگلاتی علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک کار تقریباً 200 میٹر گہری کھائی میں جا گری۔

پولیس کے مطابق حادثے کا علم ہفتہ کی آدھی رات کے قریب ہوا۔ کار میں کل چار لوگ سوار تھے، جو رات کے وقت اپنے گھر لوٹ رہے تھے۔ اسی دوران پونن کے پاس ڈرائیور گاڑی سے کنٹرول کھو بیٹھا اور کار سڑک سے نیچے گہری کھائی میں گرگئی۔ حادثے کے بعد علاقے میں افراتفری مچ گئی۔ اطلاع ملنے پر تھانہ ننکھڑی کی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور امدادی و بچاو کارروائی شروع کی۔

پولیس کو جائے وقوعہ پر سفید رنگ کی کار (نمبر ایچ پی-92-1701) مکمل طور پر تباہ شدہ حالت میں ملی۔ حادثے میں 49 سالہ کندن لال اور ان کی 16 سالہ بیٹی آکرتی کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ دونوں ننکھڑی تحصیل کے شولی علاقے کے لوہٹی گاوں کے رہنے والے تھے۔ متوفی آکرتی 11 ویں جماعت میں پڑھتی تھی۔ حادثے میں کندن لال کا 12 سالہ بیٹا آرو شدید زخمی ہو گیا۔ کار ڈرائیور 55 سالہ ستپال بھی شدید طور پر زخمی ہوا ہے۔ دونوں زخمیوں کو آئی جی ایم سی شملہ ریفر کیا گیا ہے۔

پولیس جانچ میں سامنے آیا ہے کہ کار ڈرائیور ستپال، ساکن لوہٹی، ننکھڑی گاڑی چلا رہا تھا۔ ابتدائی جانچ کی بنیاد پر پولیس نے ڈرائیور کے خلاف لاپرواہی سے گاڑی چلانے کا معاملہ درج کیا ہے۔ تھانہ ننکھڑی میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 281، 125(اے) اور 106(1) کے تحت کیس درج کر کے حادثے کی وجوہات کی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔

ایس ایس پی شملہ گوراو سنگھ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کی وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد اتوار کو اہل خانہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔ اس حادثے کے بعد پورے علاقے میں سوگ کا ماحول ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu