
جموں, 17 مئی (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں مشتبہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد سیکورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ کارروائی 12 مئی کو مینڈھر تحصیل کے منکوٹ علاقے میں دراندازی کی کوشش ناکام بنائے جانے کے بعد شروع کی گئی، جس دوران ایک درانداز مارا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق فوج اور پولیس کی مشترکہ ٹیمیں ضلع کے پانچ سے زائد علاقوں میں تلاشی کارروائیاں انجام دے رہی ہیں تاکہ علاقے میں سرگرم مشتبہ دہشت گردوں کا سراغ لگایا جا سکے۔
ذرائع نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں درانداز کی ہلاکت کے بعد پورے ضلع میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ اضافی ناکے قائم کیے گئے ہیں جبکہ گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جا رہی ہے۔
ادھر بعض غیر مصدقہ اطلاعات میں وادی میں ایک غیر ملکی اہم دہشت گرد کی موجودگی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، تاہم حکام کی جانب سے اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر

