بہرائچ، 17 مئی (ہ س)۔ اترپردیش کے بہرائچ میں درگاہ تھانہ علاقے کے محلہ بخشی پورہ میں اس وقت کہرام مچ گیا جب ایک نو بیاہتا لڑکی نے پھانسی لگا کر جان دے دی۔ اطلاع پر پہنچی پولیس نے لاش کا پنچنامہ بھر کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور متوفیہ کے والد کی تحریر پر مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی میں مصروف ہو گئی ہے۔
بہرائچ کے تھانہ درگاہ علاقے میں رہنے والی سپریا کشیپ کی لاش جمعہ کی شام پھندے سے لٹکتی ہوئی ملی۔ آس پاس کے لوگوں نے جب اس کی اطلاع پولیس کو دی تو سی او سٹی نارائن دت مشرا اور تھانہ درگاہ ایس ایچ او راماگیہ سنگھ نے موقع پر جانچ شروع کی۔ جائے وقوعہ پر فورنسک ٹیم بھی پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے۔ متوفیہ کے والد کملیش نے متوفیہ کے سسرال والوں پر رقم مانگنے اور ہراساں کرنے کے الزامات بھی لگائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ متوفیہ کے شوہر کرشنا اور اس کی ماں کے ذریعے بیٹی کے واسطے سے مسلسل پیسوں کا مطالبہ کیا جاتا تھا۔ سی او سٹی نارائن دت مشرا نے بتایا کہ ہفتہ کی شام تقریباً 7 بجے اطلاع ملی کہ کسی لڑکی نے پھندے سے لٹک کر پھانسی لگا لی ہے۔ موقع پر پہنچنے پر معلومات ملی کہ متوفیہ سپریا کی شادی اکتوبر 2025 میں کرشنا کے ساتھ ہوئی تھی۔ سپریا کی لاش پھندے سے لٹکتی ہوئی ملی ہے۔ فورنسک اور پولیس ٹیمیں جانچ کر رہی ہیں، متوفیہ کے والد کی تحریر پر مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن

