
مالدہ، 17 مئی (ہ س)۔ مغربی بنگال حکومت کی ہدایت کے بعد ضلع مالدہ میں بھارت-بنگلہ دیش کی کھلی سرحد پر خاردار تار لگانے کے لیے زمین کے حصول کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ سنیچر کو حبیب پور بلاک کے بھوانی پور اور آگرہ ہریش چندرپور علاقوں میں محکمۂ اراضی و اصلاحاتِ اراضی کے افسران نے سرحدی علاقوں میں زمین کے کاغذات کی جانچ اور پیمائش کا کام شروع کیا۔
افسران کے مطابق، مالدہ ضلع کے چھ تھانہ علاقوں میں بھارت-بنگلہ دیش سرحد کی کل لمبائی تقریباً 172 کلومیٹر ہے، جن میں سے تقریباً 33 کلومیٹر سرحد اب بھی کھلی ہوئی ہے۔ سب سے زیادہ کھلی سرحد حبیب پور بلاک میں ہے، جہاں 20 سے 25 کلومیٹر علاقے میں اب تک خاردار تار نہیں لگائی گئی۔
ضلع میں سرحدی سلامتی کے لیے خاردار تار لگانے کی غرض سے تقریباً 260 ایکڑ زمین درکار ہے۔ انتظامی ذرائع کے مطابق اب تک 10 ایکڑ زمین کے حصول کا کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ جمعہ کو مالدہ ضلع مجسٹریٹ دفتر میں بارڈر سکیورٹی فورس اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان اس معاملے پر ایک ہنگامی اجلاس بھی منعقد ہوا تھا۔ اسی اجلاس کے بعد محکمۂ اراضی و اصلاحاتِ اراضی نے زمین کے حصول کی کارروائی تیز کر دی۔
سرحدی علاقوں کے کسانوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں ترنمول کانگریس حکومت کے دوران کئی بار زمین کے حصول کے نام پر پیمائش کی گئی، لیکن عملی کام آگے نہیں بڑھ سکا۔ کسانوں نے الزام لگایا کہ سرحد کھلی رہنے کی وجہ سے بنگلہ دیشی جرائم پیشہ افراد کی جانب سے فصلوں کی لوٹ مار کے واقعات ہوتے رہے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ خاردار تار لگنے کے بعد ایسے واقعات پر روک لگ جائے گی۔
حبیب پور بلاک کے محکمۂ اراضی و اصلاحاتِ اراضی کے افسر سوپن طرفدار نے کہا کہ محکمانہ عملہ کسانوں سے زمین سے متعلق دستاویزات جمع کر رہا ہے اور زمین کی پیمائش شروع ہو چکی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مقررہ مدت کے اندر زمین کے حصول کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔
اس معاملے پر جویل مرمو نے الزام لگایا کہ ترنمول کانگریس حکومت کے دور میں سرحد پر خاردار تار لگانے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ بینک کی سیاست کے سبب اُس وقت اس منصوبے کو آگے نہیں بڑھنے دیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت آنے کے بعد قومی سلامتی کو ترجیح دیتے ہوئے زمین کے حصول کا کام شروع کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد

