
لندن،17مئی (ہ س)۔ویس سٹریٹنگ نے رواں ہفتے برطانوی وزیر صحت کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ اب انہوں نے اعلان کردیا ہے کہ وہ لیبر پارٹی کی قیادت کے لیے الیکشن لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ پارٹی کی مقبولیت میں کمی اور مقامی انتخابات میں تباہ کن نتائج کے بعد وزیر اعظم کیئر سٹارمر کی جگہ لے سکیں۔ سٹریٹنگ نے کہا کہ ہمیں ایک حقیقی مقابلے کی ضرورت ہے جس میں بہترین امیدوار میدان میں ایک دوسرے کا سامنا کریں اور میں اس میں حصہ لوں گا۔43 سالہ سٹریٹنگ لیبر پارٹی کے دائیں بازو کی نمائندگی کرتے ہیں اور انہوں نے اپنے استعفیٰ کے بیان میں سٹارمر پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا سٹارمر کی قیادت پر اعتماد ختم ہوگیا ہے۔ سٹارمر کو مقامی انتخابات میں اپنی پارٹی کی عبرتناک شکست کے بعد گزشتہ چند دنوں سے مستعفی ہونے کے مطالبات کا سامنا ہے۔ چار وزرائ کے استعفے اور پارٹی کے 403 ارکان پارلیمنٹ میں سے 86 ارکان کی جانب سے ان کے استعفے کے مطالبے کے بعد لیبر پارٹی کے رہنما پر دباو¿ مزید بڑھ گیا ہے۔
سٹریٹنگ نے برطانیہ کی یورپی یونین میں دوبارہ شمولیت کا مطالبہ کرتے ہوئے اصرار کیا کہ برطانیہ کا مستقبل یورپ میں ہے اور بریکسٹ کو ایک تباہ کن غلطی قرار دیا۔ ہفتے کے روز لیبر پریشر گروپ پروگریس کے زیر اہتمام منعقدہ ایک کانفرنس میں تقریر کے دوران سٹریٹنگ نے وضاحت کی کہ برطانوی عوام اب تیزی سے یہ سمجھ رہے ہیں کہ ایک ایسی دنیا میں جو زیادہ خطرناک ہوتی جا رہی ہے، برطانیہ کو معیشت کی تعمیر نو اور تجارت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مشترکہ خطرات کے پیش نظر اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کے لیے اجتماعی طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے روسی جارحیت اور امریکہ فرسٹ کی پالیسیوں کا ذکر کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ کے لیے سب سے بڑا اقتصادی موقع اس کی دہلیز پر موجود ہے۔ انہوں نے یورپی یونین کے ساتھ ایک نیا خصوصی رشتہ قائم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ملک کا مستقبل یورپ سے جڑا ہوا ہے اور شاید کسی دن یورپی یونین میں واپسی ممکن ہو۔حکومت سے علیحدگی کے بعد سٹریٹنگ کے یہ بیانات ان کا پہلا واضح سیاسی موقف ہیں۔ ایسے وقت میں جب انہوں نے باضابطہ طور پر وزارت عظمٰی کے لیے اپنی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے اشارہ کیا کہ لیبر پارٹی اب بھی اگلے انتخابات جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے لیکن انہوں نے پارٹی کے راستے کو درست کرنے کی سٹارمر کی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے اسے اسی کھائی کی طرف زیادہ تیزی سے دوڑنا قرار دیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan

