ممبئی ، 17 مئی (ہ س)۔ اگست 2024 میں بدلاپور کے ایک اسکول میں پیش آئے افسوسناک واقعے کے بعد مہاراشٹر حکومت نے متاثرہ دو کم عمر لڑکیوں کی دسویں جماعت تک تعلیم کا مکمل خرچ برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں باضابطہ حکمنامہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اس وقت کے اسکولی تعلیم کے وزیر نے اعلان کیا تھا کہ حکومت متاثرہ لڑکیوں کی تعلیم کا پورا خرچ برداشت کرے گی۔ اسی اعلان کے مطابق والدین کی خواہش پر دونوں لڑکیوں کو تعلیمی سال 2024-25 میں متعلقہ اسکولوں کے جونیئر کے جی میں داخلہ دیا گیا تھا۔
سرکاری فیصلے کے مطابق ''نربھیا نمبر ایک'' کی پہلی جماعت سے دسویں جماعت تک جبکہ ''نربھیا نمبر دو'' کے سینئر کے جی میں داخلے اور آئندہ تعلیم کا خرچ حکومت برداشت کرے گی۔ پہلی جماعت سے دسویں جماعت تک کی تعلیمی فیس ''بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم کا حق قانون 2009'' کے تحت حکومت ادا کرے گی۔ حکام کے مطابق جن اسکولوں میں دونوں لڑکیوں کو داخلہ دیا گیا ہے، انہیں متعلقہ تعلیمی سال کے لیے مقررہ رقم کے مطابق داخلہ فیس فراہم کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ تعلیمی افسران، ضلع پریشد کے ذریعے ضروری کارروائی انجام دی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے
