
کھونٹی، 17 مئی (ہ س) ۔ اتوار کو، کھونٹی میں تھار گاڑی کی تیز رفتاری سے ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ بندا اور سانڈیگاوں کے درمیان مرکزی سڑک پرتیزرفتار تھار کنٹرول سے باہرہونے کے بعد ایک پل کی ریلنگ سے ٹکرا گیا اور تقریباً 20 فٹ نیچے کھائی میں جا گرا۔ اس حادثے میں ایک خاتون سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ جن میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ حادثے کے فوری بعد جائے وقوعہ پر افراتفری مچ گئی۔ گاڑی کھائی میں گرنے کی وجہ سے اس میں سوار دو افراد کافی دیر تک اندر پھنسے رہے اور مدد کے لیے چیختے رہے۔ قریبی گاو ¿ں کے لوگ جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مرہو تھانے کی پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی۔ سخت مشترکہ کوششوں کے بعد، مقامی دیہاتیوں اور پولیس نے گاڑی کے اندر پھنسے تمام زخمیوں کو کامیابی کے ساتھ باہر نکالا۔
زخمیوں میں سے تین کو مرہو میں واقع کمیونٹی ہیلتھ سینٹر بھیجا گیا، جب کہ ایک زخمی کو پولیس کی گاڑی میں کھونٹی صدر اسپتال منتقل کیا گیا۔ تمام زخمی بے ہوشی کی حالت میں تھے جس کی وجہ سے رات گئے تک ان کی شناخت نہیں ہو سکی تھی۔ ڈاکٹرکے مطابق تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
مقامی باشندوں نے بتایا کہ تھار گاڑی چائی باسا سے رانچی کی طرف جا رہی تھی۔ بندا اور سانڈیگاو ¿ں کے درمیان سڑک انتہائی خستہ حال ہے، اور پل کے قریب موڑ کو خاص طور پر خطرناک سمجھا جاتا ہے۔ تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور گاڑی پر سے کنٹرول کھو بیٹھا، جو پل کی ریلنگ سے ٹکرا کر نیچے جاگری۔
واقعے کے بعد پولیس نے تباہ ہونے والی گاڑی کو تحویل میں لے کر معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی

