
حیدرآباد ، 17 مئی (ہ س)۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں مردم شماری کا کام تیزی سے جاری ہے اورتعطیلات کے باوجود محکمہ تعلیم اور محکمہ مال سے وابستہ عملہ جنہیں مردم شماری کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں وہ مکانات کی نشاندہی کاعمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں جاری مردم شماری کے عمل میں شامل شمارکنند گان گرمی کی شدید لہرکے باوجود گھرگھر پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں پوری کررہے ہیں جبکہ کئی مقامات پرمکانات کی نشاندہی کے سلسلہ میں شمار کنندگان کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے حالانکہ مردم شماری کے عمل کو تکنیکی بنیادوں پر سابق سے کافی زیادہ بہتربنایاجاچکا ہے۔ پرانے شہر کے علاقوں میں شمار کنند گان اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے صبح کی اولین ساعتوں میں یا شام کے اوقات کا انتخاب کررہے ہیں تاکہ دوپہر کے دوران سخت دھوپ سے محفوظ رہا جاسکے لیکن اس کے باوجود کئی شمارکنندگان اپنے معینہ وقت پر ہی اس عمل کومکمل کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ تلنگانہ میں گرمی کی لہر کے دوران محکمہ موسمیات اور صحت کی جانب سے شہریوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے جا رہے ہیں لیکن شمار کنندگان جنہیں مردم شماری کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے انہیں دوپہر کے اوقات میں بھی اپنے گھروں سے نکلنا پڑرہا ہے اسی لئے محکمہ صحت بالخصوص مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ مردم شماری کے عمل سے وابستہ شمار کنندگان کو موسم گرما کی خصوصی کٹ فراہم کرے تاکہ دھوپ کی شدت کے دوران اگر لولگنے کا شائبہ ہوتوایسی صورت میں شمار کنندگان فوری طور پر خود ہی ابتدائی طبی امداد لے سکے ۔علاوہ ازیں شہریوں کوبھی چاہئے کہ وہ شمار کنندگان کے ساتھ بہتربرتاؤکو یقینی بنائیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق

