Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
راجدھانی ایکسپریس کے دو ڈبوں میں لگی آگ، تمام مسافر محفوظ

راجدھانی ایکسپریس کے دو ڈبوں میں لگی آگ، تمام مسافر محفوظ

کوٹہ، 17 مئی (ہ س)۔ ترویندرم-حضرت نظام الدین راجدھانی ایکسپریس (12431) کے دو ڈبوں میں اتوار کی صبح آگ لگ گئی۔ یہ حادثہ مدھیہ پردیش کے علاقے میں کوٹہ ڈویڑن کے لونی ریچا اور وکرم گڑھ آلوٹ اسٹیشنوں کے درمیان صبح تقریباً 5.15 بجے پیش آیا۔ آگ ٹرین کے بی-1 اے سی کوچ اور اس کے پیچھے لگی دوسری لگیج کم گارڈ وین میں لگی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ٹرین کو فوری طور پر روک دیا گیا اور مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ کچھ مسافروں کا سامان آگ میں جل گیا۔

مغربی وسطی ریلوے کے کوٹہ ڈویژن کے سینئر ڈویژنل کمرشیل منیجر سوربھ جین نے بتایا کہ کوچ بی-1 میں 68 مسافر سوار تھے۔ گارڈ نے پہلے لوکو پائلٹ کو آگ سے آگاہ کیا، جس کے بعد ٹرین کو روک دیا گیا۔ تقریباً 15 منٹ میں پوری کوچ کے مسافروںکو باہر نکال لیا گیا لیکن آگ تیزی سے پوری کوچ میں پھیل گئی۔

ریلوے حکام کے مطابق، ٹرین اتوار کی صبح تقریباً:45 3 بجے مدھیہ پردیش کے رتلام جنکشن سے روانہ ہوئی، اس کا اگلا طے شدہ اسٹاپ کوٹہ جنکشن تھا۔ راجستھان میں داخل ہونے سے پہلے وکرم گڑھ آلوٹ اسٹیشن کے قریب ایک اے سی کوچ میں آگ لگ گئی اور کچھ ہی منٹوں میں سامان والے کوچ میں پھیل گئی۔ مسافروں کا سامان لگیج کوچ میں رکھا گیا تھا جو آگ لگنے سے جل کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کے بعد دہلی-ممبئی ریلوے ٹریک پر ریل ٹریفک کو عارضی طور پر روک دیا گیا۔ ٹرین کی پاور سپلائی منقطع کر کے متاثرہ بوگیاں الگ کر دی گئیں۔ تقریباً دو گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ مسافروں کو بعد میں دیگر کوچوں میں منتقل کیا گیا اور ٹرین تقریباً ساڑھے چار گھنٹے بعد کوٹہ کے لیے روانہ ہوئی۔

مغربی وسطی ریلوے کے کوٹہ ڈویژن کے ڈویژنل ریلوے مینیجر (ڈی آر ایم) انل کالرا نے بتایا کہ اس واقعہ کی وجہ سے آٹھ سے دس ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں۔ صبح ساڑھے نو بجے کے قریب ٹریکس پر ٹریفک بحال کر دی گئی، مسافروں کی سہولت کے لیے ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

راجدھانی ایکسپریس دوپہر:15 1 پر کوٹہ جنکشن پر پہنچی۔ کوچ بی-1 میں سوار مسافروں نے ریلوے کے انتظامات پر ناراضگی کا اظہار کیا اور اپنے گم شدہ سامان کے معاوضے کا مطالبہ کیا۔ ریلوے نے متاثرہ مسافروں کو پانچ ہزار روپے کی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی لیکن کچھ لوگوں نے اسے قبول کرنے سے انکار کر دیا اور ایف آئی آر درج کرنے پر اصرار کیا۔ بعد میں ڈی آر ایم خود مسافروں کے ساتھ جی آر پی اسٹیشن پہنچے۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 29 اپریل کو بھی دھول پور میں درگ-لدھیانہ ایکسپریس کے جنرل کوچ میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu