Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
گرمی بڑھتے ہی جنگلات و رہائشی علاقوں میں آتشزدگی کی وارداتوں میں اضافہ

گرمی بڑھتے ہی جنگلات و رہائشی علاقوں میں آتشزدگی کی وارداتوں میں اضافہ

گرمی بڑھتے ہی جنگلات و رہائشی علاقوں میں آتشزدگی کی وارداتوں میں اضافہ

جموں، 18 مئی (ہ س)۔ جموں میں گرمیوں کے موسم کے آغاز کے ساتھ ہی جنگلات اور رہائشی علاقوں میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر فائر اینڈ سروسز محکمہ نے عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ فائر اینڈ سروسز کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سرویش لنگر نے کہا ہے کہ معمولی لاپرواہی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے شہریوں کو خاص احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھر سے باہر نکلتے وقت ہیٹر، استری، اے سی اور دیگر برقی آلات کے سوئچ بند رکھیں کیونکہ شارٹ سرکٹ آگ لگنے کی بڑی وجہ بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھانا پکانے کے بعد گیس ریگولیٹر بند کرنا نہایت ضروری ہے، جبکہ گیس لیک ہونے کی صورت میں فوراً سلینڈر کو کھلی جگہ منتقل کیا جائے اور کسی بھی برقی سوئچ کو آن یا آف کرنے سے گریز کیا جائے۔ سرویش لنگر نے عوام سے اپیل کی کہ سگریٹ یا بیڑی پینے کے بعد انہیں مکمل طور پر بجھا کر ہی پھینکیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جنگلات میں شیشے کی بوتلیں پھینکنے سے بھی آگ بھڑک سکتی ہے کیونکہ دھوپ میں شیشہ لینس کی طرح کام کرتا ہے۔

انہوں نے کسانوں کو بھی مشورہ دیا کہ فصل کٹائی کے بعد کھیتوں میں آگ نہ لگائیں کیونکہ اس سے آگ قریبی جنگلات اور آبادی تک پھیل سکتی ہے۔ پتنی ٹاپ اور نتھّا ٹاپ آنے والے سیاحوں سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیمپنگ کے دوران جلائی جانے والی بون فائر یا کیمپ فائر کو مکمل طور پر بجھا کر ہی مقام چھوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ تیز ہوا کے باعث معمولی چنگاری بھی جنگلاتی آگ کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی آتشزدگی کی صورت میں فوری طور پر فائر سروس ہیلپ لائن 101 پر اطلاع دیں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو راستہ فراہم کریں۔محکمہ فائر اینڈ سروسز کے مطابق گرمیوں کے دوران ضلع بھر میں ٹیمیں 24 گھنٹے الرٹ پر ہیں جبکہ حساس علاقوں میں خصوصی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu