
ڈوڈہ پولیس نے منشیات فروش کو ہیروئن سمیت گرفتار کیا
جموں، 18 مئی (ہ س)۔ ڈوڈہ پولیس نے نشہ مکت بھارت ابھیان کے تحت منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم میں ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے بھدرواہ میں ایک شخص کو ہیروئن نما ممنوعہ مادہ سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس اسٹیشن بھدرواہ کی ٹیم ایس ایچ او بھدرواہ کی نگرانی میں چنار محلہ اور ملحقہ علاقوں میں رات کے وقت گشت پر تھی۔ اسی دوران عیدگاہ روڈ، چنار محلہ کے قریب ایک مشتبہ شخص کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی۔
تلاشی کے دوران ملزم کی جینز کی اگلی جیب سے تقریباً 5 گرام ہیروئن نما مادہ برآمد ہوا۔ گرفتار شخص کی شناخت محمد انس ولد جعفر حسین سکنہ چنار محلہ بھدرواہ کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم ممنوعہ مادے کے بارے میں کوئی تسلی بخش جواب پیش نہیں کر سکا، جس کے بعد اسے فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔
اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بھدرواہ میں ایف آئی آر نمبر 71/2026 زیر دفعات 8/21/22 این ڈی پی ایس ایکٹ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ڈوڈہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں منشیات فروشی یا کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ معاشرے کو منشیات کے ناسور سے پاک بنایا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر

