
گوتھنبرگ، 18 مئی (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے سویڈن میںمنعقد یورپین راونڈ ٹیبل فار انڈسٹری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان اور سویڈن کے درمیان تعلقات کو نئی سمت دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور یورپ کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور اسٹریٹجک ہم آہنگی پوری دنیا میں امن اور استحکام کے لیے بہت ضروری ہے۔
وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان اور سویڈن کے تعلقات جمہوری اقدار، قانون کی حکمرانی اور انسان پر مرکوز ترقی پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اختراع، پائیدار ترقی اور جمہوریت کو اپنی مشترکہ طاقت سمجھتے ہیں۔
سویڈن کے وزیر اعظم الف کرسٹرسن اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین بھی اس تقریب میں موجود تھیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان گرین ٹرانزیشن، دفاع، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی اور عوام سے عوام کے تعلقات کو تعاون کے اہم ستونوں کے طور پر استوار کیا جائے گا۔
انہوں نے مصنوعی ذہانت، ہیلتھ ٹیک اور گرین موبیلٹی جیسے شعبوں میں وسیع امکانات کا ذکر کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان اور سویڈن مشترکہ طور پر سویڈن-انڈیا ٹیکنالوجی اور اے آئی کوریڈور کو مضبوط بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں گے۔ اسٹارٹ اپس اور تحقیق میں تعاون کو بڑھانے کے لیے انڈیا-سویڈن سائنس اور ٹکنالوجی سینٹر کے قیام کے پروجیکٹ بھی جاری ہیں۔
وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی پر دونوں ممالک کی سوچ کے ہم آہنگی پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ماحول دوست ہائیڈروجن، مدور معیشت اور پائیدار بنیادی ڈھانچے پر بڑے پیمانے پر کام کر رہا ہے، جہاں سویڈش ٹیکنالوجی اور ہندوستان کی صلاحیتیں مل کر عالمی حل پیدا کر سکتی ہیں۔
دفاعی تعاون کے بارے میں وزیر اعظم نے کہا کہ سویڈش کمپنیوں کا ہندوستان میں پیداواری سہولیات قائم کرنا، اس بات کی علامت ہے کہ دونوں ممالک اب صرف خریدار اورفروخت کنندگان تعلقات سے آگے بڑھ کر طویل مدتی صنعتی شراکت داری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال میں جمہوری ممالک کے درمیان تعاون کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے اور ہندوستان نے ہمیشہ بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل کی حمایت کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد

