Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
توہین عدالت کے معاملہ میں کیجریوال سمیت پانچ افراد کے خلاف منگل کو دہلی ہائی کورٹ میں ہوگی سماعت

توہین عدالت کے معاملہ میں کیجریوال سمیت پانچ افراد کے خلاف منگل کو دہلی ہائی کورٹ میں ہوگی سماعت

نئی دہلی، 18 مئی (ہ س)۔ دہلی ہائی کورٹ منگل کے روز دہلی ایکسائز پالیسی گھوٹالہ معاملہ میں دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال سمیت پانچ ملزمین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی سماعت کرے گی۔ جسٹس نوین چاولہ کی سربراہی والی بنچ اس معاملے کی سماعت کرے گی۔ اس سے پہلے، 14 مئی کو، جسٹس سورن کانتا شرما کی قیادت والی بنچ نے سنجے سنگھ، منیش سسودیا، سوربھ بھاردواج، اور درگیش پاٹھک کے ساتھ کیجریوال کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔

جسٹس سورن کانتا شرما کی بنچ نے اس معاملے کی سماعت سے خود کو الگ کر لیا تھا اور اسے فیصلہ کے لیے دوسری بنچ کے پاس بھیج دیا تھا۔ بنچ نے مشاہدہ کیا کہ اگر ان ملزمین کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو اس سے غلط نظیر قائم ہوگی۔ جسٹس شرما نے کہا کہ جب کسی ادارے پر مقدمہ چلایا جاتا ہے تو یہ جج کا فرض ہے کہ وہ اس طرح کے الزامات سے متاثر نہ ہو۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ عدالت کو سوشل میڈیا کی ایک مہم سے آگاہی ہو گئی تھی - جو خطوط اور ویڈیوز کے ذریعے چلائی گئی تھی - جسے بڑے پیمانے پر پھیلایا گیا تھا۔ انہوں نے اسے ایک منصوبہ بند اور منظم مہم قرار دیا۔ جسٹس شرما نے تبصرہ کیا تھا کہ کمرہ عدالت کے اندر ہونے والی کارروائی کے بارے میں متوازی بیانیہ اس کے باہر پھیلایا جا رہا ہے۔

جسٹس شرما نے کہا کہ انہیں منصفانہ تنقید اور اختلاف رائے کو قبول کرنے کی تربیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا مہم نے نہ صرف ایک مخصوص جج کے خلاف بیانیہ تیار کیا بلکہ پوری عدلیہ کو مؤثر طریقے سے کٹہرے میں کھڑا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بیانیے کو چلانے والے کچھ افراد سیاسی طاقت بھی رکھتے ہیں۔ اس حوالے سے ایک ایڈیٹ شدہ ویڈیو بھی چلائی گئی۔ جسٹس شرما نے نشاندہی کی کہ ایک بار جب انہوں نے اپنا فیصلہ سنا دیا تو ملزم کے پاس سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اختیار تھا۔ ایسا کرنے کے بجائے، انہوں نے ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پر ان کے خلاف مہم چلائی۔

جسٹس شرما نے زور دے کر کہا کہ ان کا فرض آئین کے تئیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے ملزم نے یہ مخصوص راستہ چنا تو عدالت نے بھی مختلف راستہ اختیارکیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب کیجریوال نے کمرہ عدالت کے اندر کہا تھا کہ وہ عدالت کا احترام کرتے ہیں، اس کے بعد انہوں نے باہر عدالت کے خلاف مہم چلائی۔

غور طلب ہے کہ 20 اپریل کو جسٹس سورن کانتا شرما نے دہلی ایکسائز پالیسی کیس میں انہیں بری کرنے کے حکم کو چیلنج کرنے والی سی بی آئی کی درخواست کی سماعت سے خود کو الگ کرنے کی اروند کیجریوال کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔

جسٹس سورن کانتا شرما نے کہا کہ وہ اس الزام سے متاثر ہوئے بغیر اپنا فیصلہ سنائیں گی - بالکل ٹھیک جیسا کہ انہوں نے اپنے 34 سالہ عدالتی کیریئر میں مسلسل کیا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ہائی کورٹ کے جسٹس منوج جین کل سی بی آئی کی درخواست پر سماعت کرنے والے ہیں، جس میں کیجریوال سمیت 23 ملزمین کو بری کرنے کے ٹرائل کورٹ کے حکم کو چیلنج کیا گیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu