Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
دورہ آسٹریلیا کے لیے ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم کا اعلان، نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا متوازن امتزاج

دورہ آسٹریلیا کے لیے ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم کا اعلان، نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا متوازن امتزاج

نئی دہلی، 18 مئی (ہ س)۔

ہاکی انڈیا نے 26 سے 30 مئی تک آسٹریلیا کے پرتھ کے دورے کے لیے ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم اس دورے پر چار میچوں کی سیریز کھیلے گی جس کے میچ 26، 27، 29 اور 30 مئی کو پرتھ ہاکی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

اس دورے کو 15 سے 21 جون تک آکلینڈ میں منعقد ہونے والے ایف آئی ایچ ویمنس نیشن کپ 2025-26 کی تیاری کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔ ہندوستانی ٹیم ارجنٹائن کے خلاف حالیہ زبردست کارکردگی کے بعد اس دورے کا آغاز کرے گی، جہاں ٹیم نے چار میچوں کی سیریز میں دو جیت درج کی تھیں۔ تب سے، ٹیم بنگلور میں اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (ایس اے آئی) کے مرکز میں سخت تربیت کر رہی ہے۔

کامن ویلتھ گیمز 2022 اور ایشین گیمز کی کانسی کا تمغہ جیتنے والی سلیمہ ٹیٹے کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ ٹیم میں سویتا، سشیلا چانو پکرمبم، لالریمسیامی، اور نونیت کور جیسی تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں، جب کہ سونم، ہینا بانو، اور لالتھانت لوانگی جیسی نوجوان کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا گیا ہے۔ نونیت کور فارورڈ لائن میں ٹیم کے حملے کی قیادت کریں گی۔ اس کے ساتھ بلجیت کور، دیپیکا، انو، اشیکا، حنا بانو، اور رتوجا دادسو پسل شامل ہیں۔ حنا بانو کو بھی پہلی بار سینئر ٹیم کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

سویتا اور بیچو دیوی کھریبام ٹیم کی گول کیپنگ کے فرائض سر انجام دیں گی۔ دفاع میں، نکی پردھان، اشیکا چودھری، سشیلا چانو پکرمبم، لالتھانتو لوونگی ، اور جیوتی، شلپی ڈباس کے ساتھ پہلی بار سینئر ٹیم میں شامل ہوئی ہیں۔ لالتھانت لووانگی کو بھی پہلی بار سینئر ٹیم کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ مڈ فیلڈ میں کپتان سلیمہ ٹیٹے کے ساتھ نیہا، لالریمسیامی، ساکشی رانا، سنیلیتا ٹوپو، دیپیکا سورینگ اور سونم شامل ہیں۔ سونم کو ابھی تک اپنا سینئر انٹرنیشنل ڈیبیو کرنا ہے۔

ٹیم کے انتخاب پر چیف کوچ سجورڈن ماریجن نے کہا کہ ہم نے ایک ایسی ٹیم کا انتخاب کیا ہے جس میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا اچھا توازن ہے، کچھ کھلاڑیوں کو پہلی بار بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا موقع ملے گا۔ کھلاڑیوں کی نشوونما کے لیے بین الاقوامی مقابلوں کا دباو ¿ بہت ضروری ہے، اور یہ دورہ ان کے لیے خود کو ثابت کرنے کا بہترین موقع ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا، یہ دورہ آئندہ نیشنز کپ کی تیاری کے لیے انتہائی اہم ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ ٹیم ارجنٹائن کے دورے کے آخری دو میچوں میں دکھائی گئی کارکردگی کو دہرائے اور اپنے کھیل میں مستقل مزاجی لائے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu