
دبئی ،18مئی (ہ س )۔
خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی نے امارات پر تین ڈرونز کے ذریعے کیے گئے وحشیانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ان حملوں میں سے ایک نے الظفرہ کے علاقے میں براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا۔ سیکرٹری جنرل نے کہا کہ براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ پر یہ بزدلانہ حملے ایک خطرناک اضافہ اور خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے براہ راست خطرہ ہیں۔ یہ حملے حیاتیاتی اور جوہری تنصیبات کے تحفظ سے متعلق تمام بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں کیونکہ اس کے ایسے تباہ کن نتائج برآمد ہو سکتے ہیں جو علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی پر اثر انداز ہوں اور شہریوں، ماحول اور عالمی توانائی کی سپلائی کی حفاظت کو خطرے میں ڈال دیں۔
اسی تناظر میں جاسم البدیوی نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے اپنی سلامتی، استحکام، اپنے شہریوں اور اپنی سرزمین پر رہنے والے مقیم افراد کی حفاظت کے لیے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات میں کونسل کے ممالک کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
اماراتی دفاعی نظام نے مغربی سرحد کی جانب سے ملک میں داخل ہونے والے 3 ڈرونز کا مقابلہ کیا جہاں دو ڈرونز کو کامیابی سے ناکام بنا دیا گیا۔ تیسرے نے الظفرہ کے علاقے میں براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے اندرونی احاطے سے باہر ایک بجلی کے جنریٹر کو نقصان پہنچایا۔
یو اے ای کی وزارت دفاع نے مزید کہا کہ حملوں کے ماخذ کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد نئی تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا۔ اسی طرح ابوظبی نے اس بات پر زور دیا کہ پرامن جوہری پاور پلانٹس کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ پلانٹس کو نشانہ بنانے سے شہریوں اور ماحول کو شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
دریں اثنا سلطنتِ عمان نے متحدہ عرب امارات کے ابوظہبی میں واقع براکہ نیوکلیئر پلانٹ پر ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرناک قرار دے دیا۔
عمانی وزارتِ خارجہ کے مطابق سلطنتِ عمان نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مکمل یکجہتی اور تعاون کے عزم کا اظہار کیا ہے اور امارات کی سلامتی، خودمختاری اور سرزمین کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت کی ہے۔
عمانی حکام نے کہا کہ جارحانہ اور کشیدگی بڑھانے والے اقدامات ناقابلِ قبول ہیں جبکہ خطے کے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد مو ¿ثر راستہ ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ

